نئی دہلی، یکم فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )سوراج ابھیان کے قومی صدر یوگیندر یادو نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی طرف سے عام بجٹ پیش کرنے کے بعد کہا کہ کسانوں کو بینک سے 10لاکھ کروڑ قرض مختص کرنے کی بات تو وزیر خزانہ نے کی، لیکن حکومت کی طرف سے کوئی رعایت نہیں دی گئی۔یہ بجٹ کسانوں کے ساتھ صرف دھوکہ ہے۔یوگیندر یادو نے بدھ کو کہاکہ بجٹ پر بحث کرنا صرف بڑے لوگوں کا حق نہیں ہے۔ زرعی بجٹ کسانوں کے لیے ہوتا ہے ،اس لیے کسانوں کی رائے زیادہ ضروری ہے، فصل خراب ہو تو کسان پر مار تو پڑتی ہی ہے، لیکن فصل اچھی ہو جائے تو کسان پر مار ضرور پڑتی ہے۔یوگیندر یادو نے کہا کہ سوراج ابھیان کی درخواست پر سپریم کورٹ نے منریگا کے تحت جتنی رقم طے کی تھی، صرف اسی رقم کا الاٹمنٹ کیا گیا۔انہوں نے کہا 125کروڑ کی عوام کو کھانا فراہم کرانے کا بوجھ صرف کسانوں پر نہیں ہو ،بلکہ پورے ملک کو اس کا بوجھ آپس میں تقسیم کرنا چاہیے ۔یوگیندر یادو نے کہاکہ فصل بیمہ اسکیم میں تقریبا 24فیصد کوریج ہوئی ہے، جیٹلی جی غلط بول رہے ہیں کہ کوریج 40فیصد ہوئی ہے۔دہلی کے جنتر منتر پر کسانوں کے لیے احتجاج کر رہے سوراج ابھیان نے کہاکہ ہندوستان میں کسان زمین کے سب سے بڑے محافظ تھے،اور اگر زمین کی حفاظت کرنی ہے تو زراعت کو فروغ دینا ضروری ہے۔125کروڑ کی عوام کو خوراک پہنچانے کا بوجھ صرف کسانوں پر نہیں ہو بلکہ پورے ملک کو اس کا بوجھ آپس میں تقسیم کرنا چاہیے ۔یوگیندر یادو نے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ ایگریکلچر یونیورسٹیاں کھیل کا میدان ہو گئی ہیں، اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔