نئی دہلی،4فروری(ایس اونیوزآئی این ایس انڈیا)یہ پہلا معاملہ نہیں ہے جب مدھیہ پردیش کے بڑے شہر میں پولیس نے مبینہ مجرموں یا ملزموں کو عوامی طور پر سزا دی ہو۔ ایک تازہ ویڈیو میں اندور میں پولیس والے سڑک کے درمیان میں کچھ لوگوں سے اٹھک بیٹھک کرا رہے ہیں اور بیچ بیچ میں ڈنڈوں سے پیٹ بھی رہے ہیں۔اندور کے ڈی آئی جی ہری نارائن چاری مشرا اور مدھیہ پردیش کے ڈی جی پی رشی کمار شکلا نے ویڈیو کی معلومات ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ واقعہ کے بارے میں بتائے جانے پر ڈی جی پی نے کہا ہے کہ وہ اپنے افسر سے بات کریں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی ہری نارائن کے حکم پر ہی پولیس ایسی کارروائی کر رہی ہے۔ ڈی آئی جی نے ملزمان کو پیٹنے کی معلومات ہونے سے انکار کیا لیکن یہ ضرور کہاکہ ان ملزمان کی اجتماعی گرفتاری کی معلومات ہے، ہماری پولیس اچھا کام کر رہی ہے، یہ اجتماعی کارروائی مہم مسلسل چل رہی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولس کو اٹھک بیٹھک نہیں کرانا چاہئے۔ میڈیا میں کارروائی کو مجرموں کا جلوس بتایا گیا ہے۔ اس سے منسلک ایک سوال پر ڈی آئی جی نے کہا کہ وہ اس جلوس کی جگہ پولیس کی اجتماعی کارروائی کہنا زیادہ پسند کریں گے۔ڈی آئی جی نے خود اعتراف کیا ہے کہ ایسی کارروائی تقریبا ایک ماہ سے چلائی جا رہی ہے۔ اس میں کئی تھانوں کی پولیس ایک ساتھ مجرموں کو پکڑتی ہے۔ اس کے بعد ملزمان کو سڑک پر گھمایا جا سکتا ہے اور سزا دیتے دکھایا جاتا ہے۔چونکہ ہندوستانی قانون میں پولیس کو کسی بھی ملزم کو سزا دینے کا حق حاصل نہیں ہے لیکن سلسلہ وارہو رہے ان واقعات اوراعلیٰ حکام کی خاموشی سے ریاست کے قانون نظام پر یہ سوال اٹھتے ہیں ۔