نئی دہلی، 15؍فروریسپریم کورٹ نے آج ہدایت دی ہے کہ آر جے ڈی لیڈر محمد شہاب الدین کو بہار کی جیل سے یہاں تہاڑ جیل منتقل کیا جائے تاکہ ان کے خلاف درج معاملوں کی غیر جانبدار اور منصفانہ سماعت کو یقینی بنایا جا سکے۔جسٹس دیپک مشرا اور جسٹس امیتاؤ رائے کی بنچ نے حکومت سے کہا کہ وہ شہاب الدین کو ایک ہفتے میں تہاڑ جیل منتقل کرے۔بنچ نے کہاکہ آزاد اور منصفانہ سماعت کو یقینی بنانا اس عدالت کی ذمہ داری اور فرض ہے۔عدالت نے کہا کہ شہاب الدین کے خلاف درج مقدمات میں سماعت تہاڑ جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کی جائے گی۔بنچ نے کہاکہ ہم بہارحکومت کو ہدایت دیتے ہیں کہ محمد شہاب الدین کو سیوان میں واقع ضلع جیل سے دہلی کی تہاڑ جیل منتقل کیا جائے۔سیوان کے چند رکیشور پرساد اور آشا رنجن نے آر جے ڈی لیڈر کو سیوان جیل سے منتقل کئے جانے کی عرضی دائر کی تھی ۔پرساد کے تین بیٹے دو الگ الگ واقعات میں مارے گئے تھے اور آشا کے شوہر راجدیو رنجن کو سیوان میں ہلاک کردیا تھا ۔درخواست گزاروں نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ شہاب الدین کے خلاف زیر التوا مقدمات کی آزاد اور منصفانہ سماعت کے لیے ان کو سیوان جیل سے ریاست کے باہر کسی دوسری جیل میں منتقل کر دیا جانا جا ہیے ۔اس سے پہلے بہار حکومت نے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ شہاب الدین کو سیوان جیل سے یہاں تہاڑ جیل منتقل کرنے کے خلاف نہیں ہے۔ریاستی حکومت نے یہ بھی کہا تھا کہ شہاب الدین جھارکھنڈ میں ایک معاملہ سمیت 45معاملوں میں سماعت کا سامنا کر رہے ہیں۔