علی گڑھ،3جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہئ اردو میں سینئر استاد پروفیسر محمد زاہد آرٹس فیکلٹی کے نئے ڈین مقرر کئے گئے ہیں۔انہوں نے پروفیسر شیخ مستان کی جگہ لی ہے۔آرٹس فیکلٹی کے ڈین کی حیثیت سے پروفیسر محمد زاہد کی مدتِ کار02/ جولائی2017سے 14 /دسمبر 2018 تک ہوگی۔ انہوں نے ڈین کے عہدے کا چارج لے لیا ہے۔ پروفیسر محمد زاہد اس سے قبل یونیورسٹی سے متعلق کئی اہم عہدوں پر فائز رہ کر نمایا ں کارکردگی پیش کر چکے ہیں۔
وہ شعبہئ اردو کے سابق صدر ہونے کے ساتھ ہی دو بار فیکلٹی آف آرٹس کے سپرینٹنڈنٹ کے فرائض انجام دینے کے علاوہ آئی.اے.ایس.اسٹیرنگ سہ رکنی کمیٹی کے اہم رکن بھی رہ چکے ہیں۔وہ آفتاب ہال کے پرووسٹ، ایم آئی سی یونیورسٹی گیسٹ ہاؤس، اے ایم یو اسٹاف ایسوسی ایشن کی ایکزیکیوٹو کمیٹی کے رکن، ہندوستانی پارلیمینٹ کے احکام کے زیرِ اثر سیکشن 5-2Cکے تحت مسلمانوں کی تعلیمی اور تہذیبی فلاح و بہبود کی خاطر قائم شدہ ہائی پاور کمیٹی کے سب سے کم عمر رکن بھی رہے ہیں۔ پروفیسر محمد زاہد ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر یونیورسٹی آگرہ کی ایکزیکیو ٹو کونسل اور سنڈیکیٹ کے دو مرتبہ گورنر نومینی کے علاوہ خواجہ معین الدین چشتی عربی فارسی یونیورسٹی، لکھنؤ کی اکیڈمک کونسل کے گورنر نومینی بھی رہے ہیں اور یو.جی.سی.کی کئی ہائی پاور کمیٹیوں کے رکن بھی رہے ہیں۔
پروفیسر محمد زاہد نے یونیورسٹی آف لندن کی بین الاقوامی کانفرنس میں دو مرتبہ شرکت کرکے متعدداجلاس کی صدارت بھی کی -وہ استنبول یونیورسٹی ترکی،پاکستان، ایران، بحرین وغیرہ کی بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت اورمتعدد اجلاس کی صدارت بھی کرچکے ہیں۔ پروفیسر محمد زاہد کی تین اہم کتابیں، متعدد مقالات و مضامین قومی اور بین الاقوامی ادبی جریدوں میں شائع ہوکر مقبول عام ہوچکے ہیں۔اس موقع پر شعبہئ اردو،فیکلٹی آف آرٹس اور یونیورسٹی کے اساتذہ نے پروفیسرمحمد زاہد کو مبارک بادپیش کی۔