نئی دہلی، 13؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اسمرتی ایرانی کے ہاتھ سے وزارت برائے فروغ انسانی وسائل گئے ابھی ایک ہفتہ ہی گزرا تھا کہ وزیر اعظم مودی نے ایرانی کو ایک اور جھٹکا دیا ہے۔دراصل اسمرتی نے سی بی ایس ای چیئرمین کے طور پر ڈاکٹر سویندر وکرم بہادر سنگھ کا نام تجویز کیا تھا۔لیکن وزیر اعظم مودی نے اس تجویز کو ٹھکرا دیا ہے۔سویندر وکرم بہادر سنگھ کو سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای )کا چیئرمین نہیں بنائے جانے کا فیصلہ تقرری کمیٹی (اے سی سی )نے لیا ہے۔اس کمیٹی کے سارے بڑے فیصلے لینے کا حق وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس ہے۔منگل کو محکمہ برائے پرسنل اینڈ ٹریننگ نے ایچ آر ڈی کو ایک نوٹس بھیجاہے جس میں لکھا تھا کہ اے سی سی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس پوسٹ کو سینٹرل اسٹافنگ اسکیم(سی ایس ایس ) کے تحت بھرا جائے گا۔ مشہورانگریزی اخبار ’دی انڈین ایکسپریس‘کی خبر کے مطابق یہ پہلا معاملہ نہیں ہے جب اسمرتی ایرانی کی پسند پر سوالیہ نشان لگے ہوں، اس سے پہلے اگست 2015میں بھی اسمرتی ستبیر بیدی کو سی بی ایس ای کا چیئرمین بنانا چاہتی تھیں لیکن ان کے نام پر بھی مہر نہیں لگائی گئی۔کمیٹی نے کہا تھا کہ ستبیر کے پاس تین سال کا تجربہ نہیں ہے۔غورطلب ہے کہ سی بی ایس ای چیئرمین کا عہدہ دسمبر 2014 سے خالی پڑا ہے۔اس عہدے کے لیے جوائنٹ سکریٹری سطح کے عہدے کا کوئی افسر چاہیے اور کے پاس تعلیمی انتظامیہ کا تین سال کا تجربہ بھی ہونا چاہیے۔