نئی دہلی،2جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سکم سے ملحق چین کی سرحد پر کشیدگی کے درمیان ہندوستان نے ڈوکا لا علاقے میں اور زیادہ فوجیوں کی تعیناتی کی ہے۔1962کے بعد پہلی بار ایسا ہو رہا ہے جب کسی علاقے میں ہندوستان اور چین کی فوج کے درمیان اتنے لمبے وقت تک تعطل بنا ہوا ہے۔گزشتہ تقریبا ایک ماہ سے ڈوکا لا میں دونوں ممالک کے فوجی آمنے سامنے ہیں۔ہندوستان نے ڈوکا لا میں اور زیادہ فوجیوں کو ”نان کامبیٹو موڈ“میں لگایا ہے۔”نان کامبیٹو موڈ“یعنی غیر لڑاکا موڈ میں بندوق کی نال کو زمین کی طرف رکھ دیا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی طرف سے ہندوستانی فوج کے 2بنکروں کو تباہ کرنے کی جارحانہ سرگرمی کے بعد ہندوستان نے اور زیادہ جوانوں کو بھیجا ہے۔ذرائع نے پہلی بار دونوں فوجوں کے درمیان تازہ تعطل کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ یکم جون کو پی ایل اے نے ہندوستانی فوج سے ڈوکا لا میں 2012میں بنے اپنے دو بنکروں کو ہٹانے کو کہا۔ڈوکا لا ہندوستان، بھوٹان اور تبت سے متصل چمبی وادی کے قریب ہے۔