ریاض21جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی وزارت داخلہ نے گزشتہ ہفتے مشرقی صوبے میں ضلع قطیف کے شہر سیہات میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں مارے جانے والے 3 مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکت سے متعلق تفصیلات کا انکشاف کیا ہے۔جمعے کے روز جاری بیان میں وزارت داخلہ نے بتایا کہ مطلوب دہشت گردوں میں دو افراد جعفر آل مبیریک اور صادق آل درویش کا تعلق سعودی عرب سے جب کہ ان کا تیسرا ساتھی حسن ابو عبداللہ بحرینی بحرینی شہریت رکھتا ہے۔ تینوں مطلوب افراد ایک مسروقہ گاڑی میں سوار تھے اور ان لوگوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔وزارت داخلہ نے باور کرایا کہ مذکورہ مطلوب افراد فوج داری اور دہشت گردی سے متعلق کئی جرائم میں ملوث رہے جن میں سکیورٹی فورس کے اہل کاروں کا قتل اور مسلح لُوٹ مار شامل ہے۔ سیہات میں مطلوب دہشت گردوں کی گاڑی سے گولہ بارود اور اسلحہ بھی برآمدہوا۔رواں برس مارچ سے اب تک مشرقی صوبے کے ضلعے قطیف میں دہشت گردی کی22سے زیادہ کارروائیاں ہو چکی ہیں۔