رامیشورم؍تمل ناڈو ، 7؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)سری لنکا ئی بحریہ کی طرف سے ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرنے اور ان کے ماہی گیری کے آلات کو نقصان پہنچا نے کے واقعات مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔اب نیدن تیوو کے قریب مچھلی کا شکارکررہے 10 ہندوستانی ماہی گیروں کو آج گرفتار کر لیاگیا ہے ۔ماہی گیری محکمہ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کولجناتھن نے بتایا کہ سری لنکائی بحریہ نے مبینہ طور پر ماہی گیروں کی کشتیوں کو ضبط کر لیا اور ان کے مچھلی کاشکار کرنے والے جالوں اور دیگر آلات کو نقصان پہنچا۔انہوں نے بتایا کہ تھنگاچمادم کے ان ماہی گیروں کو کنگے سنتھرائی لے جایا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے سری لنکائی بحریہ نے مبینہ طورپر اپنی آبی حدود میں مچھلی کا شکار کرنے والے تمل ناڈو کے پانچ ماہی گیروں کو یکم فروری کو گرفتار کر لیا تھا اور ان کی کشتی بھی ضبط کر لی تھی۔تمل ناڈو حکومت نے 2؍فروری کو ماہی گیروں کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی تھی۔ریاستی حکومت نے سری لنکا کی حراست سے 25ماہی گیروں کی محفوظ رہائی اور 119کشتیوں کو چھڑوانے کا بھی مطالبہ کیا تھا ۔اس سے قبل اتوار کو بھی سری لنکا ئی بحریہ نے کچاتیو میں تمل ناڈو کے ماہی گیروں کی 20 مشینی کشتیوں کے ماہی گیری کے جالوں کو مبینہ طورپر طور پر کاٹ ڈالا تھا جس کے بعد تقریبا 3000ماہی گیروں کو مچھلی پکڑے بغیر ہی واپس لوٹنا پڑا تھا۔