ممبئی، 14؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اداکار سلمان خان مہاراشٹر ریاستی خاتون کمیشن(ایم ایس سی ڈبلیو) کے سامنے آج پھر پیش نہیں ہوئے اور انہوں نے عصمت دری سے متعلق اپنے بیان پر بھیجے گئے سمن کا جواب دینے کے لیے پینل کو ایک خط بھیجا۔غورطلب ہے کہ ایسا تیسری بار ہے جب سلمان کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے ہیں۔ابھی یہ پتہ نہیں چل پایا ہے کہ خط میں کیا لکھا ہے۔ایم ایس سی ڈبلیو نے سلمان کو آج اپنے سامنے پیش ہونے کو کہا تھا، اس نے کہا کہ وہ اداکار کے خط کے سلسلے میں اپنے قانونی شعبہ سے بات چیت کر رہا ہے۔ایم ایس سی ڈبلیو کی صدر وجیا رہاٹکر نے نامہ نگاروں سے کہاکہ ہمیں خط موصول ہوا ہے۔ہم اس کا مطالعہ کر رہے ہیں۔ہم نے اسے آگے کی کارروائی کے سلسلے میں فیصلہ کرنے کے لیے اپنے قانونی محکمہ کو بھیج دیا ہے۔تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ خط میں کیا لکھا ہے یا ایم ایس سی ڈبلیو تنازعہ کے سلسلے میں کیا کوئی قدم اٹھائے گا یا نہیں؟واضح رہے کہ سلمان نے حال ہی میں بیان دیا تھا کہ فلم ’سلطان‘کی تھکاوٹ بھری شوٹنگ کے بعد انہیں اجتماعی عصمت دری کی شکار خاتون کی طرح محسوس ہوا۔اپنے اس بیان کے بعد وہ تنازعات میں گھر گئے تھے۔50سالہ اداکار کو پہلے بھی دو بار سماعت کے لیے آنے کو کہا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔اس کے بعد انہیں کمیشن کے سامنے آج پیش ہونے کو کہا گیا تھا۔اس سے پہلے جب کمیشن نے سلمان کو پہلی بار طلب کیا تھا تو سلمان نے اپنے وکیل کے ذریعے پینل کو ایک خط بھیجا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اس معاملے کی سماعت پہلے ہی قومی خاتون کمیشن(این سی ڈبلیو)میں چل رہی ہے اور معاملہ کی سماعت ایک ساتھ دو مقامات پر نہیں ہو سکتی ہے ۔بعد میں سلمان نے قومی خاتون کمیشن کے سمن کی 8؍ جولائی کوتعمیل نہیں کی اور وہ اپنے متنازعہ بیان پر وضاحت دینے کے لیے پیش نہیں ہوئے۔اس کے ایک دن پہلے انہوں نے مہاراشٹر خاتون کمیشن کے سمن کی بھی تعمیل نہیں کی۔اس کے بعد مہاراشٹر ریاستی کمیشن نے اداکار سے آج پیش ہونے کو کہا تھا۔