جالندھر، 14؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)جموں کشمیر میں مارے گئے پاکستانی نوجوان برہان وانی کی حمایت میں آئے مختلف تنظیموں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے آج یہاں کہا ہے کہ دہشت گردوں کے حامی لوگوں کو پاکستان بھیج دیا جانا چاہئے کیونکہ انہیں ہندوستان میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کی سینئر رہنما لکشمی کانتا چاؤلہ نے آج یہاں بیان جاری کرکے کہا کہ کشمیر میں برہان وانی نامی نوجوان مارا گیا جو ملک کے خلاف کام کر رہا تھا اور ہمارے یہاں کی سماجی تنظیموں کو اس دہشت گرد کی فکر ستانے لگی، انسانی حقوق کو لے کر لوگ بے چین ہو اٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان دانشورانہ تنظیموں اور ایسے ہی دیگر دانشوروں کو دہشت گردوں کے انسانی حقوق کی تو فکر ہے لیکن ملک کی حفاظت میں دہشت گردوں کی گولی سے شہید ہوئے فوجیوں کے بارے میں سوچنے تک کا وقت نہیں ہے۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ان حامیوں کو جتنی جلدی ہو سکے سلاخوں کے پیچھے ڈال دینا چاہئے،تاہم بہتر تو یہ ہوتا کہ ایسے دہشت گردی سے محبت کرنے والوں کو پاکستان بھیج دیا جائے کیونکہ ہندوستان کی سرزمین پر رہنے کا ان کا کوئی حق نہیں ہے۔ایسے کسی بھی شخص کو ہندوستان میں رہنے کا حق نہیں ہے جو دہشت گردی یا دہشت گردوں کے حامی ہیں۔بی جے پی لیڈر نے بغیر کسی کا نام لئے کہا کہ شرم آنی چاہئے ان رہنماؤں اور دانشوروں کو جو ٹی وی پر شام کی بحث میں آتے ہیں اور دہشت گردی پر بڑی غزلیں بولتے ہیں لیکن ملک کی موجودہ حالات پر وہ چپ ہو کر بیٹھ گئے ہیں۔