نئی دہلی، 10؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )پہلی بار حکومت ہند و پاک سرحد پر، دوسری طرف سے ہونے والی فائرنگ سے متاثرہ شہریوں کو اسی طرح سے پانچ لاکھ روپے کا معاوضہ دے گی جس طرح کا معاوضہ دہشت گردی یا ماؤنواز تشدد میں مرنے والوں کو دیا جاتا ہے۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے متاثرین کو معاوضہ دینے کا اور دہشت گرد اور ماؤنواز تشدد کے متاثرین کو دی جانے والی معاوضہ کی رقم تین لاکھ روپے سے بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کرنے کا فیصلہ جمعہ کو کیا۔ایک افسر نے بتایاکہ اب سے ملک کے کسی بھی حصے میں دہشت گردانہ حملے، نکسلی تشدد، سرحد پار سے فائرنگ، گولہ باری یا آئی ای ڈی دھماکے میں مرنے والے شہریوں کو برابر یعنی پانچ لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔یہ رقم مرنے والوں کے لواحقین کو دی جائے گی۔ایسے واقعات کی وجہ سے 50فیصد یا اس سے زیادہ زخم آنے پر یامعذوری کی صورت میں بھی متاثرین کو پانچ لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔معاوضے کی رقم اس شرط پر بھی منحصر ہو گی کہ ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کے کسی بھی رکن کو روزگارفراہم نہیں کرایا گیا ہو۔افسر کے مطابق، مرکزی کابینہ کی منظوری ملنے کے بعد ہی وزارت داخلہ اس سلسلے میں ایک رسمی نوٹیفکیشن جاری کرے گی ۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں ہندوستان پاکستان سرحد پر دوسری طرف سے ہونے والی گولہ باری اور فائرنگ میں ہر سال 50سے زیادہ شہریوں کی جانیں جاتی ہیں ۔2015میں ملک میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں میں سات افراد ہلاک ہو گئے تھے، وہیں 2015میں ہی جموں و کشمیر میں انتہا پسندی کی وجہ سے 17لوگوں کی جانیں گئی تھیں ۔