لاہور31جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان میں جماعت الدعوۃ نامی تنظیم کے سربراہ حافظ محمد سعید کی نظربندی کے بعد یہ تنظیم ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کر رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز حافظ سعید اور ان کے چار ساتھیوں کو حراست میں لے لیاگیاتھا۔حافظ سعید کالعدم عسکریت پسند تنظیم لشکر طیبہ کے بانی بھی تھے اور اس تنظیم پر الزام ہے کہ وہ سن 2008ء میں بھارتی شہر ممبئی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں ملوث تھی۔ امریکا نے حافظ سعید کی گرفتاری میں مدد پر دس ملین ڈالرکاانعام بھی مقرر کر رکھا ہے۔ حافظ سعید نے اپنی نظربندی کی وجہ نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی حکومت پردباؤکوقرار دیا ہے۔