پنجی،10جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)گوا کرکٹ یونین(جی سی اے)سے منسلک دھوکہ دہی کے معاملے میں پولیس بی سی سی آئی کے سینئر حکام سے پوچھ گچھ کر سکتی ہے۔گوا پولیس کی اقتصادی جرائم شاخ(یوسی)سے منسلک ایک سینئر افسر نے آج کہا کہ ہم اس عمل کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ جی سی اے جیسے کرکٹ اداروں کو کس طرح دولت مختص کیا جاتا ہے،ہم یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ جب مبینہ دھوکہ دہی کا معاملہ ہوا تک دولت الاٹمنٹ کے سلسلے میں کیا اصول تھے۔انہوں نے کہا کہ وسیع معلومات حاصل کرنے اور ثبوت اکٹھے کرنے کے لیے ہم بی سی سی آئی کے سینئر حکام کے بیان درج کریں گے،اس کیلئے یا تو ہماری پولیس ٹیم متعلقہ بی سی سی آئی کے دفتر جائے گی یا انہیں سمن بھیجے گی،کسی بھی امکان سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے۔گوا پولیس نے گزشتہ ماہ جی سی اے صدر چیتن دیسائی، سیکریٹری ونود فڑکے اور خزانچی اکبر ملا کو بی سی سی آئی کی طرف سے جی سی اے کو دئے گئے چیک کو مبینہ طور پر فائدہ اٹھانے کی شکایت پر گرفتار کیا تھا،ان تینوں کو بعد میں ضمانت دے دی گئی تھی،ان پر 2006سے 2008کے درمیان 3.13کروڑ روپے کی ہیرا پھیری کرنے کا الزام ہے۔