نئی دہلی،6جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جو بھی ٹیکس یا فیس جی ایس ٹی میں شامل نہیں کی گئی ہیں، ان میں کسی بھی قسم کی تبدیلی ریاستی حکومتیں کر سکتی ہیں۔ایسے ٹیکس یا فیس میں اہم طور پر مقامی اداروں کے لیے وصولا جانے والا تفریح ٹیکس، منڈی فیس، لائسنس فیس، روڈ ٹیکس اور ٹول ٹیکس شامل ہیں۔ایسے میں اگر فلم گھر کے ٹکٹ یا گاڑیوں پر جی ایس ٹی کی شرح کم ہو جائے تو ان کی قیمت میں کمی کی کوششوں کو دھچکا لگ سکتا ہے، اگر ریاستی حکومت ان پر مقامی اداروں کے لیے وصولے جانے والے تفریح ٹیکس یا روڈ ٹیکس بڑھا دے۔
آمدنی سیکرٹری ہنس مکھ اڑھیا نے اس بارے میں کہا کہ روڈ اور رجسٹریشن ٹیکس جی ایس ٹی کے دائرے میں نہیں ہیں،جو ٹیکس جی ایس ٹی کے اندر ہیں اس کی فکر تو جی ایس ٹی کونسل کر رہی ہے لیکن کچھ ٹیکس ہیں جسے کم اور زیادہ کرنے کا حق ریاستوں کو دیا گیا ہے۔اس میں ہمارا کوئی کردار نہیں ہے، ہم کچھ نہیں کر سکتے۔۔
مہاراشٹر میں اور خاص طور پر ممبئی میں مقامی بلدیاتی کی آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ کٹری رہا، جسے جی ایس ٹی میں شامل کر دیا گیا ہے۔ایسے میں مہاراشٹر حکومت روڈ ٹیکس کی شرح بڑھا کر اس کی تلافی کرنے کی کوشش کرے گی۔اسی طرح کی صورتحال دوسری ریاستوں میں بھی دیکھنے کو مل سکتی ہے جہاں وی اے ٹی کی شرح زیادہ تھی،اگر ایسا ہوا تو کار کمپنیاں اگرچہ دام کم کر دے، لیکن ان پر روڈ ٹیکس کی بڑھی ہوئی شرح لاگو ہونے سے قیمت میں کمی کا فائدہ نہیں ملے گا۔