نئی دہلی،8/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان نے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں پاکستانی کی جانب سے کی گئی فائرنگ اور گولہ باری میں دو شہریوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔سرحد سے متصل پونچھ میں پاکستان صبح ساڑھے 6بجے سے بھاری گولاباری کر رہا ہے۔پاکستان کی جانب سے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی جا رہی ہے اور مارٹر بھی داغے جا رہے ہیں۔ہندوستانی فوج پاکستان کی فائرنگ کا منھ توڑ جواب دے رہی ہے۔پولیس کے مطابق،ہلاک ہونے والوں میں ایک چھٹی پر چل رہا (آف ڈیوٹی)نوجوان اور اس کی بیوی شامل ہیں۔اس حملے میں ان کے دو بچے زخمی ہو گئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ایل او سی پر گل پور علاقے میں سرحد پار سے پھینکا گیا گولہ ان کے گھر پر جا گرا۔دفاعی ذرائع کے مطابق، ہفتے کی صبح گل پور میں پاکستانی فوج نے ہندوستانی ٹھکانوں پر فائرنگ اور گولہ باری شروع کر دی۔وزارت دفاع کے ترجمان کرنل منیش مہتا نے بتایاکہ یہ فائرنگ صبح 6.30بجے شروع ہوئی اور اب بھی جاری ہے، ہماری فوجیں اس کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔