ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / جان آر بیس افغانستان میں امریکی سفیر نامزد

جان آر بیس افغانستان میں امریکی سفیر نامزد

Fri, 21 Jul 2017 22:13:02  SO Admin   S.O. News Service

اسلام آباد،21/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ترکی میں امریکہ کے سفیر جان آر بیس کو افغانستان کے لیے نیا امریکی سفیر نامزد کردیا ہے۔بیس کو اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے امریکی سینیٹ کی توثیق کی ضرورت ہوگی۔جمعرات کو جاری کیے جانے والے وہائٹ ہاوس کے ایک بیان کے مطابق نیویارک سے تعلق رکھنے جان آر بیس 1988 سے امریکی محکمہ خارجہ سے منسلک ہیں اور کئی اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔بیس 2014 سے ترکی میں امریکہ کے سفیر ہیں جس سے قبل وہ 2009 سے 2012 تک جارجیا میں بھی امریکی سفیر رہ چکے ہیں۔بیان کے مطابق جان آر بیس نے امریکی محکمہ خارجہ میں مختلف ذمہ داریوں کے علاوہ بیرونِ ملک امریکہ کے چھ سفارتی مشن میں مختلف عہدوں پر کام کیا ہے۔صدر ٹرمپ کی جانب سے گنجان آباد ی والے خطے جنوبی ایشیا کے کسی ملک میں نئے امریکی سفیر کی یہ پہلی نامزدگی ہے۔ صدر ٹرمپ نے تاحال پاکستان اور ہندوستان کے لیے نئے سفیروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔افغانستان کے لیے نئے سفیر کے اعلان سے چند گھنٹے قبل صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس نے اپنی قومی سلامتی کی ٹیم اور اعلیٰ فوجی قیادت کے ساتھ امریکہ محکمہ دفاع پنٹاگون میں ہونے والے ایک اجلاس میں شرکت کی تھی جس میں افغانستان، شمالی کوریا اور داعش کے خلاف جاری کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔افغانستان کے لیے نئے امریکی سفیر کی نامزدگی کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ افغانستان سے متعلق اپنی پالیسی وضع کرنے میں مصروف ہے جس کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔


Share: