ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / تیستا سیتلواڈ کے اکاؤنٹ پر روک کے معاملے میں سپریم کورٹ نے گجرات حکومت سے جواب مانگا

تیستا سیتلواڈ کے اکاؤنٹ پر روک کے معاملے میں سپریم کورٹ نے گجرات حکومت سے جواب مانگا

Mon, 11 Jul 2016 21:15:53  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی،11؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ نے مشہور سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ اور ان کے ٹرسٹ کے منجمد بینک اکاؤنٹس کو کھولنے کی درخواست پر گجرات حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔ساتھ ہی عدالت نے تیستا کو گجرات حکومت کو درخواست کی نقل دینے کو بھی کہا ہے۔معاملے کی اگلی سماعت 17؍اگست کو ہوگی۔تیستا کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل نے کہا کہ گجرات پولیس نے تیستا کے دو نجی اکاؤنٹ کے علاوہ’ سٹیزن فار جسٹس اینڈ پیس‘ نامی تنظیم کا بینک اکاؤنٹ بھی منجمد کر دیا ہے جبکہ الزام سبرنگ ٹرسٹ پر لگے ہیں۔سبرنگ کا اکاؤنٹ بھی منجمد ہے، وہیں گجرات حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ انہیں درخواست کی کاپی نہیں ملی ہے۔غورطلب ہے کہ تیستا سیتلواڈ اور ان کے شوہر جاوید آنند پر 2002کے گجرات مسلم کش فسادات کے دوران احمد آباد کی گلبرگ سوسائٹی میں ہوئے قتل عام کی یاد میں میوزیم بنانے کے لیے جمع کئے گئے چندے میں بے ضابطگی کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔گجرات ہائی کورٹ نے دونوں کی پیشگی ضمانت عرضی منسوخ کر دی تھی، جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی، جس نے انہیں پیشگی ضمانت دے دی ۔اس کے بعد سے یہ معاملہ تین رکنی بنچ کی طرف سے سماعت کے لیے زیر التوا ہے۔اس سے پہلے گجرات ہائی کورٹ نے اکاؤنٹ کو غیر منجمد کرنے سے انکار کر دیا تھا۔جون میں مودی حکومت نے سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ کے این جی او ’سبرنگ ٹرسٹ‘کا ایف سی آر اے لائسنس منسوخ کر دیا تھا، جس سے اب ان کا این جی او غیر ملکی چندہ حاصل نہیں کر سکے گا۔مرکزی وزارت داخلہ نے ایک حکم جاری کرکے کہا تھا کہ مرکزی حکومت نے تیستا اور ان کے شوہر جاوید آنند کی جانب سے چلائے جانے والے این جی او ’سبرنگ ٹرسٹ‘کا مستقل رجسٹریشن فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے۔حکومت نے دلیل دی تھی کہ غیر ملکی چندہ ریگولیشن قانون (ایف سی آر اے)کے تحت این جی او کی جانب سے حاصل غیر ملکی چندوں کا استعمال ان مقاصد کے لیے نہیں کیا جا رہا تھا، جن کے لیے اس کیا جانا چاہیے تھا۔


Share: