نئی دہلی، 08 فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ترنمول ممبران پارلیمنٹ نے نوٹ بندی مسئلے پر بدھ کو پارلیمنٹ کے احاطے میں گاندھی مجسمہ کے سامنے احتجاج کیا۔ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے پہلے ہی پارلیمنٹ سیشن میں دو دن شامل نہ ہونے کے ساتھ ہی نوٹ بندی اور ٹی ایم سی رہنماؤں کے خلاف مبینہ طور پر مرکز کی طرف سے سی بی آئی کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ٹی ایم سی ممبران کا الزام ہے کہ ملک کو بغیر اعتماد میں لئے مرکزی حکومت نے نوٹ بندی کو نافذ کر دیا، اس لئے ٹی ایم سی نوٹ بندی کی مخالفت کر رہی ہے۔ ٹی ایم سی ایم پی اور ترجمان ڈیریک او برائن،کلیان بنرجی، سکیندر شیکھر رائے، سوگت رائے، دنیش ترویدی پارلیمنٹ کے احاطے کے اس مظاہرے میں شامل ہوئے۔ دراصل ترنمول کانگریس روز ویلی گروپ چٹ فنڈ گھوٹالے میں پارٹی کے دو ممبران پارلیمنٹ سندیپ بندوپادھیائے اور تاپس پال کو سی بی آئی کی طرف سے گرفتار کئے جانے سے ناراض ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر نوٹ بندی کے بعد ترنمول۔بندی کا الزام لگایا تھا اور کہا تھا کہ ان کی پارٹی پر یہ ظلم اسی لئے کیا جا رہا ہے، کیونکہ انہوں نے وزیر اعظم کے نوٹ بندی کے اقدامات کی کھل کر مخالفت کی تھی۔ اس سے پہلے ٹی ایم سی نوٹ بندی اور پانچ ریاستوں میں انتخابات کے درمیان پیش ہو رہے بجٹ کی مخالفت کر چکی ہے۔