دہرادون، 11فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہریش راوت نے الزام لگایاہے کہ بی جے پی، ریاست کے انتخابات میں 1000کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے اور یہ پیسہ وزراء کے ہیلی کاپٹروں میں لایا جا رہا ہے۔راوت نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ انتخابات کے دوران کانگریس کے ساتھ امتیازی سلوک کیاجا رہاہے۔افسر ان گاڑیوں کی تلاشی لے رہے ہیں کہ لیکن وزیر اعظم اور دوسرے وزراء کی نہیں۔انتخابی مہم آخری مراحل میں ہے اور جمعہ کو ہری دوار میں اپنی ریلی کے دوران وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ اقتدار میں آنے پر وہ کانگریس کے گھوٹالے کی جانچ کرائیں گے۔این ڈی ٹی وی انڈیاسے بات چیت میں ہریش راوت نے کہا کہ نریندر مودی انتخابی جملوں میں مہارت رکھتے ہیں اور کانگریسی رہنماؤں کی جنم کنڈلی کی بات کرنا بھی ایک انتخابی جملہ ہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی جی ہمت کریں دیر کیوں کر رہے ہیں۔اگر جنم کنڈلیاں ہیں تو وہ سامنے رکھیں۔وہ تو کالے دھن والوں کی جنم کنڈلیاں پارلیمنٹ میں نہیں رکھ پا رہے ہیں۔سوئس بینک اکاؤنٹ والوں کا جو بلیک منی ہے اس کا تفصیلات پارلیمنٹ میں نہیں دے پا رہے ہیں اور اس نوٹبدی کے دوران کتنا کالا دھن پکڑا گیا اور کن کن بڑے بڑے لوگوں کے یہاں چھاپہ پڑا یا وہ پکڑے گئے اس کے بارے میں کچھ نہیں بتا پا رہے ہیں۔مودی جی جملے بازہیں جیسے انہوں نے 15لاکھ روپے دینے کا جملہ دیا تھا، دو کروڑ ملازمتوں کا جملہ تھا یا اچھے دنوں کا جملہ تھا اسی طرح سے یہ بھی ان کا انتخابی جملہ تھا اور اگر ہمت ہے مودی میں تو اس سے اچھا موقع کیا ہو سکتا ہے اتراکھنڈ، یوپی اور پنجاب میں انتخابات ہو رہے ہیں وہ بتائیں۔