چنڈی گڑھ، 11 فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ ویر بھدر سنگھ کی بیوی اور سابق ممبر پارلیمنٹ پرتیبھا سنگھ کے بھتیجے آکانش نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ جمعرات کی صبح 26 سالہ آکانش سین کو جھگڑے میں بی ایم ڈبلیو کار سے کچلنے کی کوشش کی گئی تھی، جھگڑے میں ان کے سر میں شدید چوٹیں آئی تھیں اور انہیں چندی گڑھ پی جی آئی میں داخل کروایا گیا تھا۔پی جی آئی میںآکانش سین کا پوسٹ مارٹم کئے جانے کے بعد اہل خانہ کو اس کی لاش سونپ دی گئی۔ اس موقع پر وہاں ہماچل کے وزیر اعلی کے بیٹے وکرمادتی، ہماچل کے ڈی جی پی سنجے کمار اور ہماچل پولیس اور چنڈی گڑھ پولیس کے افسران موجود تھے۔سیکٹر 3 پولیس اسٹیشن کی انچارج پونم دلاوری نے کہا کہ ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے، پر چھاپہ ماری جاری ہے اور سارا معاملہ چنڈی گڑھ پولیس کے اعلی افسر خود دیکھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق شراب پینے کے بعد آپس میں جھگڑا ہوا اور یہ قتل کیا گیا۔ پہلے دفعہ 307 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جسے اب موت ہونے کے بعد 302 میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں موہالی کے بی ایس رندھاوا اور ہر مہتاب گل کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دونوں فرار ہیں اور ان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ ماری دی جا رہی ہے۔