پٹنہ،5؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے ہفتہ کو پٹنہ میں منعقد کتاب میلے میں پدم شری بوا دیوی کی طرف کینوس پر بنائے گئے ’کمل کے پھول‘میں کوچی اٹھاکر سرخ رنگ کیا بھرا، یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔نتیش نے بھلے ہی ایک آرٹ ورک میں رنگ بھرا ہو، لیکن اسے بی جے پی کا انتخابی نشان مانتے ہوئے اس میں ان کی طرف سے رنگ بھرے جانے کو لے کر طرح طرح کے کمینٹ سوشل میڈیا میں آنے لگے۔وزیر اعلی پٹنہ کتاب میلہ کے احاطہ میں واقع ’کلاگرام ‘میں داخل ہو رہے تھے، تبھی پدم شری ایوارڈ سے نوازی گئیں متھلا پینٹنگ کی مشہور آرٹسٹ بوا دیوی نے کینوس پر ’کمل پھول ‘کی تصویر بنائی۔منتظمین نے وزیر اعلی سے اس آرٹ ورک پر دستخط کرنے کی درخواست کی۔نتیش کمار نے بھی ذرا دیر نہیں کی اور پہلے تو بوا دیوی کی طرف بنائے گئے کمل کے پھول میں کوچی اٹھاکر سرخ رنگ بھرا اور پھر اپنا دستخط کر دیا ۔بہت سے لوگوں نے اس تصویر کو مختلف سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر پوسٹ کر دیا ، اس کے بعد طرح طرح کے تبصرہ آنے لگے۔غور طلب ہے کہ جے ڈی یو اور بی جے پی کا 17سال تک اتحاد رہا ہے،گزشتہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے بی جے پی کو فرقہ پرست پارٹی قرار دیتے ہوئے جے ڈی یونے بی جے پی سے اپنا رشتہ توڑلیا تھا ۔بہار میں فی الوقت سیکولر پارٹیوں کا مہاگٹھ بندھن حکمران ہے ،جس کی قیادت جے ڈی یو کررہی ہے۔حالیہ دنوں میں مرکزی حکومت کی حمایت میں دئیے گئے کئی بیانات کے بعد نتیش اور بی جے پی کے درمیان نزدیکی کے چرچے بھی ہونے لگے ہیں، یہ الگ بات ہے کہ نتیش نے کئی موقعوں پر اس کی تردید کی ہے ۔وہیں سابق وزیر اعلی جتن رام مانجھی نے جمعہ کو نتیش کے جلد ہی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے)میں شامل ہونے کا دعوی کیا ہے۔اس سے پہلے وزیر اعلی نے پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں 23ویں پٹنہ کتاب میلے کا افتتاح کیا۔11دنوں تک چلنے والے اس کتاب میلے میں بڑی تعداد میں شائقین کتب کے حصہ لینے کا امکان ہے۔گزشتہ سالوں کی طرح اس کتاب میلہ میں بھی آرٹ گاؤں بنایا گیا ہے، جس میں مختلف ریاستوں سے آئے فنکار اپنے فن کی نمائش کر رہے ہیں،سینٹر فار ریڈرشپ ڈیولپمنٹ (سی آرڈی)کی طرف سے منعقد ہونے والے پٹنہ کتاب میلے میں 300ناشرین حصہ لے رہے ہیں۔