کراچی7فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ایک پولیس سٹیشن پر خودکش کار بم حملے میں دو اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔سرکاری میڈیا نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ منڈان پولیس سٹیشن کے مرکزی دروازے پر ایک خودکش بمبار نے باردو سے بھری گاڑی ٹکرا دی۔اس واقعے میں دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق علاقے میں سکیورٹی فورسزکاسرچ آپریشن بھی جاری ہے۔دھماکے کے نتیجے میں پولیس سٹیشن کے مرکزی دروازے کے علاوہ عمارت کوجزوی نقصان پہنچاہے۔دوسری جانب اس حملے کی ذمہ داری دو کالعدم تنظیموں کی جانب سے قبول کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔کالعدم شدت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان نے ایک بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جبکہ ایک دوسری کالعدم شدت پسند تنظیم القاعدہ برصغیر نے بھی بی بی سی کو فون کر کے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیاہے۔خیال رہے کہ بنوں میں اس سے پہلے متعدد بار سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو شدت پسندوں نے نشانہ بنا چکے ہیں۔