تہران،یکم فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس ا نڈیا)ایرانی حکومت نے اپنے دفاعی بجٹ میں 1.3 ارب ڈالر کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔ فارسی کیلینڈر کے مطابق 21 مارچ سے آئندہ سال کے لیے ایران کا دفاعی بجٹ 11 ارب 60 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر جائے گا۔ایرانی مجلس شوریٰ کے زیراہتمام بجٹ پلاننگ کمیٹی کے ترجمان محمد مہدی مفتح نے خبر رساں ایجنسی ’تسنیم‘ کو بتایا کہ کمیٹی نے دفاعی بجٹ میں ایک ارب 3 کروڑ ڈالر کے اضافے کی منظوری دی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ سوموار کے روز کمیٹی کے اجلاس میں دفاعی بجٹ میں اضافے کی تجویز پر غور کیا گیا جس کے بعد اس تجویز کی منظوری دی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دفاعی بجٹ میں اضافے کا مقصد فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور ملکی دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔ دفاعی بجٹ میں اضافے کا فیصلہ مسلح افواج کے سربراہ اور وزارت دفاع کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔
ایرانی صدر حسن روحانی کی حکومت نے گذشتہ برس دسمبر میں دفاعی بجٹ میں اضافے کی تجویز کی منظوری دی تھی۔ دفاعی بجٹ میں حالیہ منظوری گذشتہ برس کے دفاعی بجٹ میں منظوری کی نسبت 13.9 فی صد زیادہ ہے۔ گذشتہ برس صرف .39 فی صد ایرانی دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا گیا تھا۔ایران میں 21 مارچ 2017ء سے شروع ہونے والے دفاعی بجٹ کا کل تخمینہ 99 ارب ستر کروڑ ڈالر ہے۔ اس میں وزارت دفاع کا 10.3 ارب ڈالر کابجٹ شامل کرنے کے بعد اس میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ایرانی حکومت بالخصوص صدر حسن روحانی اور تہران کی فوجی اشرافیہ کے درمیان اندرونی سیاسی، اقتصادی اور سماجی امور میں گہرے اختلافات موجود ہیں مگر فریقین بیرون ملک ایرانی پالیسی اور تہران کے خطے کے دوسرے ملکوں کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی پر ایک ہیں۔ شام، یمن اور عراق میں ایراجی فوج کی موجودگی کے ساتھ ایران ہی کا پیسہ بھی استعمال ہو رہا ہے۔حسن روحانی نے منصب صدارت 2013ء میں سنبھالا اور اس کے بعد دفاعی بجٹ میں 6 ارب ڈالر کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔ ان کے پیش رو محمود احمدی نڑاد کے دور میں دفاعی بجٹ 8 ارب ڈالر تھا۔ سنہ 2013 میں ایرانی دفاعی میزانیے میں 3.3 ارب ڈالر بڑھائے گئے۔ 2014ء میں اضافہ پانچ ارب ڈالر کردیا گیا اور سنہ 2015ء آخر تک دفاعی بجٹ میں چھ ارب ڈالر اضافہ کیا جا چکا ہے۔اگرچہ سنہ 2016ء میں ایران نے پاسداران انقلاب کے بجٹ میں 4.5 ارب ڈالر کی کمی کا اعلان کیا تھا مگر وزارت دفاع اور فوج کا بجٹ کم نہیں کیا گیا۔سال 2017ء کے لیے پاسداران انقلاب کے آئندہ سال کے بجٹ میں ملک کے عمومی بجٹ کی نسبت 53 فی صد اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اضافی بجٹ کی رقم 6.9 ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے۔