واشنگٹن،10/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)قطر بحران کی اہمیت اور اس سے امریکہ کو لاحق ہونے والی تشویش کے پیش نظر امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن پیر کے روز کویت پہنچ رہے ہیں۔ کویت خلیجی ملکوں اور مصر کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع کے حل میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق، ٹیلرسن خلیج تنازع کے حل کے سلسلے میں کی کوششوں پر تبادلہ خیال کے لئے اعلی کویتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔یاد رہے کہ جرمن شہر ہیمربرگ میں گزشتہ جمعہ اور ہفتے کے روز ہونے والے جی- 20ممالک کے دو روزہ اجلاس میں بھی دوحہ کی جانب سے خلیجی ممالک کی طرف سے دہشت گردی ختم کرنے سے متعلق مطالبات مسترد کیے جانے کی بازگشت سنائی دیتی رہی ہے۔اجلاس کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن اور ان کے سعودی ہم منصب عادل الجبیر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں قطر بحران کے حوالے سے ہونے والی تازہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔مسٹر ٹیلرسن نے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ ہم کویت کی ثالثی کی حمایت کرتے ہیں اور مل کر دہشت گردی کی فنڈنگ جیسے امور پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ایک ملتی جلتی پیش رفت میں امریکی وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن کو خلیجی بحران کی طوالت پر تشویش ہے۔درایں اثنا مصری وزیر خارجہ شامح شکری نے اپنے ملک سمیت سعودی عرب، یو اے ای اور بحرین کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملکر قطر کو دہشت گردوں کو مالی معاونت جیسی پالیسیاں اور اقدامات ترک کرنے پر مجبور کر دیں گے جس کی وجہ سے خطے کا امن اور سکون خطرے میں ہے۔مصری وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار یورپی یونین کی سکیورٹی اور خارجہ پالیسی کی نمائندہ فیڈریکا مجرینی سے ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ دونوں رہنماوں نے قطر کی مسلسل انکار کی وجہ سے پیدا ہونے والی بحرانی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ مسز مجرینی نے دہشت گردی کے گرد گھیرا تنگ کرنے سے متعلق مصری کوششوں کی تعریف کی۔