کابل،6فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)افغان حکام کے مطابق حالیہ چند دنوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے واقعات کے نتیجے میں کم از کم ایک سو سات افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ قبل ازیں یہ تعداد پچاس سے زائد بتائی گئی تھی۔ افغانستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور انسانی بنیادوں پر امدادی امور کے ادارے کے ترجمان عمر محمدی کا کہنا تھا کہ برفانی تودوں کی وجہ سے ایک سو پچاس گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد پینسٹھ بتائی گئی ہے۔ تازہ ترین ہلاکتیں پاکستانی سرحد کے قریب واقع صوبے نورستان میں ہوئیں۔ حکام کے بقول اڑتالیس لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات بھی پیش آ رہی ہیں۔