ممبئی، 14؍جولائی(آئی این ایس انڈیا)ممبئی ہائی کورٹ نے آج مہاراشٹر حکومت سے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہا کہ جنوبی ممبئی کے ایک اسکول سے نکالے گئے 12سال کے ایک لڑکے کو پاس کے کسی بھی دوسرے اسکول میں داخلہ ملے۔عدالت نے کہا کہ بچے کی تعلیم والدین اور اسکول مینجمنٹ کے درمیان تصادم کے نذرنہیں ہونی چاہئے۔جسٹس وی ایم کناڈے اور جسٹس ایم ایس سوناک کی بنچ نے گزشتہ ہفتے ایک لڑکے کے والد کی طرف سے ہائی کورٹ کو جنوبی ممبئی کے میرین لائنس کے ایچ وی بی گلوبل اکیڈمی اسکول کے خلاف لکھے گئے خط پر نوٹس لیا۔بچے کے والد کے مطابق ان کے بیٹے کو اسکول سے اس لئے نکال دیا گیا کیونکہ اس نے یونیفارم اور دیگر اسٹیشنری اشیاء خریدنے کے لئے اسکول کو 50ہزار روپے نقد دینے پر سوال اٹھائے تھے اور اعتراض ظاہر کیاتھا۔اسکول کی جانب سے پیش سینئر وکیل پرساددھاکیپا لکر نے اگرچہ عدالت کو بتایا تھا کہ بچے کو اس لئے نکالا گیا کیونکہ اس کے والد نے اسکول کی ٹیوشن فیس دینے سے انکار کر دیا تھا۔ہائی کورٹ نے دلائل سننے کے بعد کہا کہ بچے کے بہترین مفاد میں یہ ہوگا کہ اسے اسی اسکول میں واپس نہیں جانا پڑے ورنہ وہی مسئلہ مستقبل میں پھر اٹھ سکتا ہے۔