دہرادون، 8 ؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اسٹنگ آپریشن میں پھنسے ہوئے اتراکھنڈ بجلی کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ایس ایس یادو کی ملازمت میں توسیع کرنے کے معاملے پر ریاستی حکومت تذبذب کی شکار ہے۔یادو کی میعاد آئندہ 24؍جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔یادو کا نام مئی میں اس وقت سرخیو ں میں آیا تھا جب ایک اسٹنگ آپریشن میں انہیں مبینہ طور پر پیسے لیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔کئی ٹیلی ویژن چینلوں پردکھایا گیا یہ اسٹنگ آپریشن سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گیا تھا۔اسٹنگ آپریشن کے سامنے آنے کے بعدوزیراعلیٰ ہریش راوت نے ایڈیشنل سکریٹری نیرج کھروال کو اسٹنگ آپریشن معاملہ کی تحقیقات سونپ دی تھی ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ جانچ ابھی تک آگے نہیں بڑھ پائی ہے اور ایسا مانا جا رہا ہے کہ اسے ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا جائے گا۔دوسری طرف یادوچاہتے ہیں کہ ان کی مدت کار میں ایک اور توسیع کے ذریعے کارپوریشن کی ذمہ داری دوبارہ سونپ دی جائے۔بی جے پی اور عام آدمی پارٹی یادو کی ملازمت میں توسیع کی مخالفت کر رہی ہیں اور ان کے خلاف سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کر رہی ہیں۔اس سلسلے میں پوچھے جانے پر وزیر اعلی کے میڈیا مشیر سریندر کمار نے کہا کہ اس کے بارے میں وقت آنے پر مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس بارے میں وقت آنے پرجو بھی مناسب ہوگا کیا جائے گا۔