ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مجلس اتحاد المسلمین صرف کام کرنے میں یقین رکھتی ہے۔  آپ لوگوں کو اب ترقی کی بات کیوں یاد آرہی ہے:شاکر پٹنی 

مجلس اتحاد المسلمین صرف کام کرنے میں یقین رکھتی ہے۔  آپ لوگوں کو اب ترقی کی بات کیوں یاد آرہی ہے:شاکر پٹنی 

Mon, 06 Feb 2017 20:52:37  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی،6؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ممبئی کارپوریشن الیکشن کے تناظر میں ملت کی ترقی کا دعویٰ کرنے والے ایک پارٹی قائد کی جانب سے اس بات کی یقین دہانی کرانے کی بات کہ ’’مظلوموں کیلئے انصاف اور ترقی کی پالیسی جاری رہے گی ‘‘ پر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے ممبئی صدر عبد الرحمن شاکر پٹنی نے سوال کیا ان لوگوں کو یوں ہوا میں بات کرنے کی بجائے انہیں حقیقت حال سے آگاہ کرنا چاہئے کہ انہوں نے باتوں کے علاوہ کیا ہی کیا ہے ۔ شاکر پٹنی نے کہا کہ انہوں نے خود اس بات کو تسلیم کرلیا ہے کہ بی ایم سی کے اسکولوں کی حالت خراب ہے ۔ یہیں یہ بات صاف ہو جاتی ہے کہ انہوں نے اب تک کوئی کام نہیں کیا ۔شاکر پٹنی نے کہا کہ تعلیم کسی قوم کی ترقی کی کنجی ہے ۔جب قوم تعلم یافتہ ہی نہیں ہو گی توکیا ترقی کرے گی ۔اب وعدہ کرنے سے کیا فائدہ جب انہوں نے دو تین بار میونسپل میں اپنے نمائندے بھیجنے کے باوجود مسلمانوں اور پسماندہ علاقوں کے تعلیمی مسائل حل نہیں کئے ۔شاکر پٹنی نے کہا کہ چلئے حکومت کے کام کاج میں تساہلی تو ایک عام سی بات ہو گئی ہے لیکن خود انہوں نے اور ان کی پارٹی کی جانب سے عوام کیلئے کیاکام کیا گیا ؟شاکر پٹنی نے دعویٰ کیا کہ حبیب ملت اکبرالدین صاحب نے مدنپورہ کے اجلاس میں جس اردو بھون کی تعمیر کی بات کی ہے ہم اسے انشاء اللہ شرمندہ تعبیر کریں گے ۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مجلس کی جانب سے حید ر آباد کی طرز پر اسکول اور میڈیکل کالج کھولے جائیں گے تاکہ مسلمانوں کی تعلیمی اور صحت کے مسائل حل کئے جاسکیں ۔شاکر پٹنی نے کہا کہ دس بیس سال تک ممبئی میونسپل میں نمائندگی کرنے کے بعد بھی آج یہ صرف وعدہ اور یقین دہانی ہی کرارہے ہیں کہ اسکولوں کا معیار بلند کرنے کیلئے کام کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس بات یقین رکھتے ہیں کہ اس انتخاب کے بعد جب عوام کے سامنے جائیں گے تو اپنے کاموں کی فہرست لے کر جائیں گے ۔شاکر پٹنی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم 62 سیٹوں میں سے اکثر سیٹ جیتیں گے ۔عوام کو مجلس کی صورت میں ایک امید کی کرن نظر آرہی ہے ۔ ہم ان کی امیدوں پر پورااترنے کی پوری جد و جہد کریں گے۔


Share: