نئی دہلی، 7/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بی جے پی نے ہوٹلوں کے رکھ رکھاؤ کا ٹینڈردینے میں مبینہ بے ضابطگی کے نئے معاملے کو لے کر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)کے صدر لالو پرساد یادو کی رہائش گاہ اور 12دیگر مقامات پر مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)کی چھاپے ماری کا خیر مقدم کیا ہے۔سی بی آئی نے لالو اور ان کے خاندان کے افراد سے وابستہ اس معاملے میں دہلی، گرو گرام، پٹنہ، رانچی اور پوری کے 12مقامات پر چھاپے ماری کی ہے۔بی جے پی کے ریاستی صدر نتیاند رائے نے کہاکہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے لیے آر جے ڈی کے ساتھ اپنی پارٹی جنتا دل (یو)کے اتحاد کو ختم کرنے اور لالو کے دونوں بیٹوں کو فورااپنی کابینہ سے نکالنے کا یہی صحیح وقت ہے۔رائے نے دعوی کیا کہ سی بی آئی کی چھاپہ ماری کے بعد بہار میں سیاست بدل جائے گی۔حزب اختلاف کے لیڈر پریم کمار نے میڈیا سے کہا کہ نتیش کمار کو لالو کے دونوں بیٹوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔واضح رہے کہ بی جے پی لیڈران تقریبا تین ماہ سے لالو اور ان کے خاندان کے ارکان کے خلاف بار بار بدعنوانی کا الزام لگا رہے ہیں،لالو پر 1000کروڑ روپے کی غیر قانونی املاک جمع کرنے کا الزام ہے۔سی بی آئی نے لالو، ان کی بیوی اور سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی، تیجسوی یادو، انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈٹورزم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی)کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر پی کے گوئل اور لالو کے معتمد پریم چند گپتا کی بیوی سجاتا کے خلاف 2006میں رانچی اور پوری میں ہوٹل کے رکھ رکھاؤ اور آپریشن کا ٹھیکہ (ٹینڈر)دینے میں قوانین کو نظر انداز کرنے کے الزامات کو لے کر مقدمہ درج کیا ہے۔اسی سال ہوٹلوں کی ذمہ داری آئی آرسی ٹی سی کو دے دی گئی تھی۔واضح رہے کہ لالو پرساد 2004سے 2009کے درمیان ریلوے کے وزیر تھے۔