ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ اسٹالن نے پلانی سوامی کو بنایا نشانہ؛ کہا، امیت شاہ کے امبیڈکر تبصرہ کی مذمت کرنے کی نہیں ہے ہمت

تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ اسٹالن نے پلانی سوامی کو بنایا نشانہ؛ کہا، امیت شاہ کے امبیڈکر تبصرہ کی مذمت کرنے کی نہیں ہے ہمت

Mon, 23 Dec 2024 01:01:41  IG Bhatkali   S O News

چنئی (ایس او نیوز/پی ٹی آئی): ڈی ایم کے صدر اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اتوار کے روز کہا کہ ان کی پارٹی کی مخالفت کرنے والے تمام افراد اس قابل نہیں ہیں کہ انہیں ان کی پارٹی کا حریف سمجھا جائے۔

انہوں نے اپوزیشن لیڈر اور اے آئی اے ڈی ایم کے چیف ایڈاپڈی کے پالانی سوامی کو "بزدل" قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ کیا انہوں نے مرکزی وزیر امت شاہ کے امبیڈکر بیان پر کم از کم دھیما لہجہ میں ہی کوئی بات کی؟ یا پھر بی جے پی کے ٹنگسٹن مائننگ معاملے پر بی جے پی کا سامنا کیا؟ "کیا پالانی سوامی میں وزیر اعظم مودی کی مخالفت کرنے کی ہمت ہے؟ ... نہیں، ان میں یہ ہمت نہیں ہے۔

پالانی سوامی نے اسمبلی کے اندر اور باہر صرف ڈی ایم کے کے خلاف اونچی آواز میں بات کی اور انہیں یقین تھا کہ لوگ انہیں اے آئی اے ڈی ایم کے کی انجہانی  لیڈرز جے للتا اور ایم جی رام چندرن کی طرح دیکھیں گے۔ تاہم، ہر کوئی صرف ان کی غداریوں کو یاد کرے گا۔ 

یہاں پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے، اسٹالن نے پارٹی کو 2026 کے اسمبلی انتخابات میں "200 سیٹ جیتیں، تاریخ بنائیں" کا نعرہ دیا۔ تمل ناڈو اسمبلی میں کل 234 سیٹیں ہیں اور حکمران پارٹی نے 200 سیٹیں جیتنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

2019 میں کانگریس اور لیفٹ سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ بنائے گئے اتحاد کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد نظریے اور اصولوں پر مبنی ہے، اسی لیے کئی مخالفین سیاسی حساب کتاب میں مصروف ہیں۔ یہ تبصرہ اس پس منظر میں آیا جب اداکار وجے کی قیادت والی ٹی وی کے نے حال ہی میں تمل ناڈو کی سیاست میں وکروامندی، ویلور میں ایک بڑی میٹنگ منعقد کرکے قدم رکھا ہے۔ ٹی وی کے نے ڈی ایم کے اور بی جے پی کی مخالفت کرنے کا سخت موقف اپنایا ہے۔

اس پس منظر میں، کسی کا نام لیے بغیر، اسٹالن نے کہا کہ ڈی ایم کے کی مخالفت کرنے والے سبھی پارٹی کے حریف ہونے کے قابل یا لائق نہیں ہیں۔

"ایسے مخالفین بھی ہوں گے جو صرف توجہ حاصل کرنے کے لیے مخالفت کریں گے۔ توجہ کو منتشر ہونے سے بچائیں۔" ڈی ایم کے کے سربراہ نے پارٹی کے افراد کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی توانائی حقیقی حریفوں کو شکست دینے پر خرچ کریں اور زور دیا کہ انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے حکمت عملی اہم ہے۔

انہوں نے کہا، "جیت کا حساب صرف ہمارے اتحاد کے لیے ہے۔ ہمارے اصولی اتحاد کے خلاف جو حساب کتاب بنائے گئے ہیں وہ صرف ناقص حساب کتاب ثابت ہوں گے۔ اس سے قطع نظر کہ جو پارٹیاں ہماری مخالفت کرتی ہیں وہ الگ الگ آئیں یا مل کر، 2026 کے اسمبلی انتخابات ڈی ایم کے اتحاد ہی جیتے گا اور یہ جیت معمولی نہیں بلکہ تاریخی ہوگی۔"

انہوں نے مزید کہا، "ہمیں خواتین اور نوجوانوں کے ووٹوں کو مکمل طور پر پارٹی کے حق میں لانا ہوگا۔ ہر ایک کو نوجوان نسل کو سمجھانا ہوگا کہ دراوڑی تحریک نے ہر خاندان میں کیا تبدیلیاں لائی ہیں۔" اسٹالن نے پارٹی عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ 234 اسمبلی نشستوں میں سے 200 نشستوں پر جیت آسان نہیں ہے اور ہر کسی کو اپنی اپنی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی۔


Share: