نئی دہلی ، 24/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں پورے ہفتے آسمان جزوی طور پر بادلوں سے ڈھکا رہ سکتا ہے اور ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ منگل اور بدھ کی صبح اسماگ کے ساتھ درمیانی درجے کا کہرا چھا سکتا ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں گھنا کہرا بھی ہو سکتا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے ان دو دنوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے تاکہ عوام محتاط رہیں اور مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
درمیانی سطح کا کہرا ہونے پر کم سے کم حد نظر 200 میٹر سے 500 میٹر اور گھنا کہرا ہونے پر 50 سے 200 میٹر رہتی ہے۔ محکمہ کے مطابق مغربی ہمالیائی علاقے میں 26 دسمبر سے بھی ایک ویسٹرن ڈسٹربینس فعال ہوگا۔ اس کے اثر سے دہلی میں کرسمس کے بعد بھی 26 دسمبر کو کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد 27 اور 28 دسمبر کو ہلکی سے درمیانی سطح کی بارش کا امکان ہے۔ ساتھ ہی اس دوران گھنا کہرا بھی ہو سکتا ہے۔
قومی راجدھانی دہلی میں پیر کو کئی علاقوں میں رک رک کر ہلکی بارش ہوئی۔ شام میں بھی کچھ علاقوں میں بارش ہوئی۔ اس دوران آسمان میں بادل چھائے رہے۔ دھوپ نہیں نکلنے کی وجہ سے درجہ حرارت گزشتہ دن کے مقابلے 5٫7 ڈگری سیلسیس کے نیچے آ گیا۔ اس وجہ سے دن کے وقت ٹھنڈ زیادہ رہی اور پیر اس موسم میں اب تک کا سب سے ٹھنڈا دن ثابت ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18.4 ڈگری سیلسیس رہا جو اس موسم میں اب تک کا سب سے کم ہے اور معمول سے 2 ڈگری سیلسیس کم ہے۔ اس کے گزشتہ دن اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا تھا۔ دہلی کے 10 موسم نگرانی مراکز میں سے 6 علاقوں میں صبح کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے زیادہ درج کیا گیا۔ پیتم پورہ میں کم سے کم درجہ حرارت سب سے زیادہ 12.7 ڈگری سیلسیس اور نجف گڑھ میں 12.3 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا لیکن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اچانک زیادہ کم ہونے سے دن میں ٹھنڈ زیادہ محسوس کی گئی۔