احمد آباد ، 25/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)گجرات میں آج ایک بڑا ٹرین حادثہ ٹل گیا جب دادر-پوربندر سوراشٹر ایکسپریس کے ایک کوچ کا پہیہ پٹری سے اتر گیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حادثے کے بعد کانگریس نے مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر طنزیہ پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ’’Reel منتری جی... گجرات میں سوراشٹر ایکسپریس کے ساتھ ایک ’چھوٹا سا حادثہ‘ پیش آیا ہے۔ ویڈیو بنائیے اور Reel تیار کیجیے۔‘‘
دراصل وزیر ریل اشونی ویشنو نے ایک بار پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ چھوٹے چھوٹے ریل حادثہ کو کانگریس بڑا بنا کر پیش کرتی ہے، حقیقت میں حادثات اتنے بڑے ہوتے نہیں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی کوئی ٹرین حادثہ پیش آتا ہے تو کانگریس وزیر ریل پر طنزیہ حملہ ضرور کرتی ہے۔ آج جب سورت میں ’کیم اسٹیشن‘ پر ٹرین بے پٹری ہوئی تو کانگریس کو ایک بار پھر وزیر ریل پر حملہ کرنے کا موقع مل گیا اور بے پٹری ٹرین کی ویڈیو شیئر کرنے سے پیچھے نہیں ہٹی۔
واضح رہے کہ دادر-پوربندر سوراشٹر ایکسپریس کے انجن میں لگا ایک غیر مسافر کوچ (وی پی یو) کا پہیہ پٹری سے اتر گیا جس کے بعد ٹرین فوراً روکی گئی۔ اس حادثہ میں کسی بھی مسافر کو نقصان پہنچنے کی خبر ابھی تک موصول نہیں ہوئی ہے۔ مغربی ریلوے کے چیف پبلک رلیشنز افسر نے حادثہ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’’ٹرین نمبر 19015 دادر-پوربندر سوراشٹر ایکسپریس 3.32 بجے کیم اسٹیشن سے روانہ ہوئی۔ انجن کے بغل میں لگے ایک غیر مسافر کوچ کے 4 پہیے پٹری سے اتر گئے۔ مرمت کا کام جاری ہے اور سینئر افسران موقع پر موجود ہیں۔ ٹرین میں سوار کسی بھی مسافر یا ریلوے ملازم کو کوئی چوٹ یا نقصان نہیں پہنچا ہے۔‘‘
اس حادثہ کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت کچھ دیر تک متاثر رہی، لیکن ایک لوپ لائن ہونے کی وجہ سے زیادہ پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ یہ ضرور ہے کہ جس پٹری پر یہ حادثہ پیش آیا، اس پر آمد و رفت پوری طرح سے روک دی گئی۔ راحت اور مرمت کا کام جاری ہے۔ سی پی آر او/ڈبلیو آر ونیت ابھشیک نے بتایا کہ ریسٹوریشن کا کام جاری ہے اور سینئر افسران سائٹ پر اس پورے معاملے کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔