نئی دہلی ، 22/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)شمالی ہندوستان میں ان دنوں سخت سردی کا زور جاری ہے، جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی اور اتر پردیش سمیت کئی ریاستوں میں ویسٹرن ڈسٹربینس کے سبب بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اتر پردیش میں 26 سے 28 دسمبر کے دوران بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں، جبکہ دہلی میں 23 دسمبر کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ، دہلی میں 26 اور 27 دسمبر کو بھی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 27 اور 28 دسمبر کو پنجاب، ہریانہ، مغربی اتر پردیش، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں بارش کے ساتھ طوفانی ہوائیں چلنے کا اندیشہ ہے۔
ٹھنڈ کی بات کی جائے تو دہلی میں مسلسل پارہ گر رہا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس تک پہنچ چکا ہے۔ اس وجہ سے شدید ٹھنڈ کے ساتھ ساتھ آنے والے کچھ دنوں تک گھنا کہرا چھایا رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہماچل پردیش میں 21 سے 23 دسمبر، جموں و کشمیر، لداخ میں 21 سے 23 دسمبر، پنجاب، راجستھان میں 21 دسمبر کو سرد لہر چلنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ہماچل پردیش میں 24 اور 25 دسمبر، پنجاب، ہریانہ، جھارکھنڈ اوڈیشہ میں 21 اور 22 دسمبر، راجستھان، مغربی بنگال کے ساحلی علاقے میں 21 دسمبر، سکم میں 21 سے 23 دسمبر، آسام اور میگھالیہ میں 22 سے 25 دسمبر کو گھنا کہرا پڑنے والا ہے۔
ہماچل پردیش میں 21 سے 25 دسمبر اور اتراکھنڈ میں 21 اور 22 دسمبر کو پالا پڑ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شمال مغربی ہند کی پہاڑی ریاستوں کے ساتھ ساتھ میدانی علاقوں میں بھی بارش ہوگی۔ اس کے علاوہ وسطی ہند کی ریاستوں میں بھی 27 اور 28 دسمبر کو بارش کا الرٹ ہے۔ وہیں ہماچل پردیش کے مقامی محکمہ موسمیات نے ہفتہ کو سرد لہر کی وارننگ جاری کی ہے اور 23 سے 24 دسمبر کو ہماچل پردیش کے کچھ مقامات پر شدید برفباری اور بارش کی پیش گوئی ہے۔
اونا، حمیر پور، بلاس پور اور منڈی میں 24 دسمبر تک کچھ مقامات پر آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چمبا، کانگڑا اور کُلو میں 25 دسمبر تک سرد لہر اور زمینی پالے کی یلو وارننگ جاری کی گئی ہے۔ مقامی محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بھاکھڑا پشتہ (بلاس پور) اور بلہہ وادی (منڈی) کے آبی ذخائر کے کچھ حصوں میں صبح اور دیر رات شدید کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔