ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بہار: 70ویں بی پی ایس سی امتحان کی دوبارہ انعقاد کی مانگ، بھوک ہڑتال پر بیٹھے طلبا کی حالت تشویشناک

بہار: 70ویں بی پی ایس سی امتحان کی دوبارہ انعقاد کی مانگ، بھوک ہڑتال پر بیٹھے طلبا کی حالت تشویشناک

Tue, 24 Dec 2024 11:04:39  Office Staff   S.O. News Service

پٹنہ، 24/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)پٹنہ میں 70ویں بی پی ایس سی امتحان کے دوبارہ انعقاد کے مطالبے پر گزشتہ 6 دنوں سے جاری طلبا کی بھوک ہڑتال تشویش کا باعث بن گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھوک ہڑتال کے دوران کئی طلبا کی طبیعت بگڑنے لگی ہے، لیکن اس کے باوجود ان کا احتجاج جاری ہے۔ دو طالب علموں کو پہلے ہی صحت بگڑنے کی وجہ سے پی ایم سی ایچ منتقل کیا جا چکا ہے۔ پیر کی شام مزید دو طالب علموں کی حالت خراب ہونے پر انہیں پہلے گردنی باغ اسپتال اور پھر ایمبولینس کے ذریعے پی ایم سی ایچ لے جایا گیا۔ طلبا کے عزم کے باوجود ان کی بگڑتی صحت صورتحال کو سنگین بنا رہی ہے۔

طالب علموں کی بگڑتی طبیعت کے بعد بھی طلباء کے احتجاج میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ اب تک حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے طالب علموں کے احتجاج کے حوالے سے کوئی کھوج خبر نہیں لی گئی ہے۔ واضح ہو کہ راجدھانی پٹنہ واقع کمہرار باپو سینٹر پر جو بی پی ایس سی کا امتحان ہوا تھا اسے رد کر دیا گیا ہے۔ طلباء کا کہنا ہے کہ 12000 امیدواروں کا دوبارہ امتحان لیا جا رہا ہے جو کہ غلط ہے۔ اسی معاملہ کو لے کر طلباء احتجاج کر رہے ہیں کہ امتحان دوبارہ لیا جائے تاکہ جو اہل طالب علم ہوں گے ان کا انتخاب ممکن ہو سکے گا۔

قابل ذکر ہے کہ بہار قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بھی احتجاج کر رہے طالب علموں کی حمایت کی ہے۔ تیجسوی یادو نے امتحان کو منسوخ کرانے کے حوالے سے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو ایک خط بھی لکھا ہے۔ انہوں نے خط میں کہا ہے کہ ’’طلباء کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، ہم ہر حال میں ان کے ساتھ ہیں۔ مکمل امتحان منسوخ کیا جائے۔‘‘ دوسری جانب کمیشن کا کہنا ہے کہ ’’صرف باپو سینٹر پر ہنگامہ اور دھاندلی ہوئی ہے اس لیے وہیں کے طالب علموں کو دوبارہ امتحان دینا ہوگا۔‘‘
 


Share: