ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اتر پردیش: 24 گھنٹوں میں پولیس انکاؤنٹرز میں 5 ہلاکتیں، متعدد گرفتار

اتر پردیش: 24 گھنٹوں میں پولیس انکاؤنٹرز میں 5 ہلاکتیں، متعدد گرفتار

Wed, 25 Dec 2024 10:34:22  Office Staff   S.O. News Service

 لکھنؤ، 25/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)اتر پردیش پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف اضلاع میں مجرموں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد کو انکاؤنٹر میں ہلاک کر دیا، جبکہ 2 دیگر کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پیر کی صبح پیلی بھیت سے شروع ہونے والے انکاؤنٹر کا سلسلہ میرٹھ، لکھنؤ، اور منگل کی صبح غازی پور تک جا پہنچا۔ پیلی بھیت میں یوپی اور پنجاب پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 3 خالصتانی دہشت گرد مارے گئے۔ میرٹھ میں اغواء کے ایک کیس میں ملوث ملزمان کو گولی مار کر زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ لکھنؤ میں ایک بینک کا لاکر توڑنے والے گینگ کے خلاف انکاؤنٹر کیا گیا، جبکہ غازی پور میں ہونے والے تصادم میں 2 ملزمان ہلاک اور 3 دیگر گرفتار کیے گئے، جن میں سے ایک کو گولی لگی ہے۔ ان کارروائیوں کے بعد ریاست بھر میں پولیس کی سختی کا ماحول نمایاں ہے۔

واضح ہو کہ انڈین اوورسیز بینک کے چنہٹ برانچ میں اتوار کو قریب 40 لاکر توڑ کر لوٹ کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ ان ملزمین کا پولیس سے 24 گھنٹے کے اندر 3 دفعہ تین الگ الگ مقامات پر مڈبھیڑ ہوا۔ لوٹ میں شامل 3 مجرموں کے ساتھ پہلے لکھنؤ میں پولیس کی مڈبھیڑ ہوئی۔ پولیس نے تینوں کو گرفتار کر لیا ان میں سے ایک کو مڈبھیڑ کے دوران گولی لگی تھی۔ پولیس کی گرفت میں آئے تینوں ملزمین کی پہچان اروند کمار، بلرام اور کیلاش کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ تینوں پڑوسی ریاست بہار کے رہنے والے ہیں۔ ان گرفتار ملزمین سے جانکاری ملی کہ ان کے 4 ساتھی اور تھے جو بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس بھاگے ہوئے ان چاروں مجرمین کو بھی تلاش کر رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پولیس کی ذرائع سے اس بات کی اطلاع ملی کہ لکھنؤ کے چنہٹ میں انڈین اورسیز بینک میں لاکر توڑ کر جو واردات کو انجام دیا گیا تھا اس کی پلاننگ پنجاب کے جالندھر جیل میں ایک سال پہلے بنی تھی۔ واردات میں شامل کیلاش اور وپن ایک ساتھ جالندھر جیل میں بند تھے جہاں ان دونوں نے واردات کو انجام دینے کی سازش رچی تھی۔ واضح ہو کہ اس واردات کو انجام دینے والوں کو پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے دبوچنے میں کامیاب ہو گئی۔ پولیس نے پوری مستعدی کے ساتھ 24 سے 30 گھنٹے کے اندر ہی کارروائی کرتے ہوئے مجرمین کو گرفتار کر لیا۔


Share: