کنور 17 / دسمبر (ایس او نیوز) کیرالہ میں 'ایم پاکس' مرض کا ایک نیا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں اوبوظہبی سے لوٹنے والے وائناڈ کے ایک شخص کو یہ مرض لاحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ اس کنور گورنمنٹ میڈیکل کالج ہاسپٹل میں اس مریض کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سدیپ نے 'ایم پاکس' معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ " گزشتہ 12 دنوں سے اس شخص کے اندر مرض کی علامات دکھائی دے رہی تھیں ۔ جب وہ گزشتہ جمعرات کے دن وہ کنور ایئر پورٹ پہنچا تو اپنے رشتے داروں کے ساتھ سیدھے اسپتال پہنچ گیا ۔ ہم فوراً اس کے خون کے سیمپل ایلپوزا وائرولوجی لیباریٹری کو جانچ کے لئے بھیج دیا ۔ ایک الگ تھلگ وارڈ میں مریض کا علاج کیا جا رہا ہے اور اس کی حالت مستحکم ہے ۔"
انہوں نے بتایا کہ ابوظہبی سے لوٹنے والے ایک اور شخص کے اندر مرض کی علامات نظر آ رہی ہیں ۔ اسے بھی کنور میڈیکل کالج ہاسپٹل میں داخل کیا گیا ہے اور اس کے خون کے نمونے جانچ کے لئے بھیج دئے گئے ہیں ۔