کنداپور 24 جولائی(ایس او نیوز) معروف سیاحتی مقام کولور کے Arasinagundi فالس کو دیکھنے کے دوران اچانک ایک 23 سالہ نوجوان کا پیر پھسل گیا اور وہ سیدھے تیز بہاو والے پانی میں گرکر لاپتہ ہوگیا۔ واردات اتوار کو پیش آئی تھی، البتہ اس تعلق سے ایک وڈیو پیر کو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
آبشار میں گر کر لاپتہ ہونے والے نوجوان کی شناخت ضلع شموگہ کے بھدراوتی کے رہنے والے شرد کمار کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
شرد کے والد کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق، وہ اتوار کو بھدراوتی سے صبح تقریباً 7.30 بجے بذریعہ کار آراسینا گنڈی فالس گیا تھا۔ دوپہر تقریباً 3.30 بجے آبشار کے قریب چٹان پر کھڑا تھا کہ غلطی سے پھسل کر آبشار میں گر گیا اور سوپرنیکا ندی میں بہہ کر لاپتہ ہوگیا۔
شرد کا قد پانچ فٹ چار انچ ہے، اس کے بائیں ماتھے پر پرانی چوٹ کا نشان ہے۔ اور اس نے نیلے رنگ کی ہاف پینٹ اور ہاف آستین والی قمیض پہن رکھی تھی جس پر سفید اور سیاہ پٹے تھے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ شرد کا ایک دوست ایک پتھر کے اوپر کھڑا ہوکر شرد کا ویڈیو ریکارڈ کر رہا تھا، جس کے دوران اچانک پیر پھسل کر آبشار میں گرنے کا منظر بھی موبائل میں قید ہوگیا۔
اس تعلق سے کولور پولیس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ بارش کے موسم میں ایک طرف ندی، جھیل ، سمندر اور آبشار کی سیر کرنے والوں کو بہت زیادہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے وہیں ایسی جگہ پر کھڑے ہوکر قدرتی مناظر کا لطف لینے سے گریز کرنا چاہئے، جہاں سے نیچے گرنے کی صورت میں بچ نکلنے کا کوئی موقع نہ ہو۔ معلوم ہونا چاہئے کہ ایسے پتھروں پر کھڑے ہونے سے کبھی بھی پیر پھسل سکتا ہے، جبکہ بارش سے بھیگے ہوئے پتھروں پر کھڑے ہونا یا اس پر چلنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔