بھٹکل کے نوجوان کا قتل؛ ایک گرفتار؛ چار فرار، منی پال میں پوسٹ مارٹم کے بعد میت بھٹکل پہنچی، ایس پی کا بھٹکل دورہ؛ چھان بین جاری
بھٹکل 20/اکتوبر (ایس او نیوز) کل سنیچر کی رات کو بھٹکل کے ایک نجی ہوٹل میں ہوئے محمد عفان جبالی کے قتل کے معاملے میں پولس نے موگلی ہونڈا کے ہی رہنے والے ایک شخص محمد اقبال شیخ کو گرفتار کرلیا ہے ذرائع سے اس بات کا بھی پتہ چلا ہے کہ اس قتل کے پیچھے مینگلور کے دیگر چار لوگوں کا بھی ہاتھ ہے جو فرار ہوگئے ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ پولس نے چار دیگر لوگوں کو بھی اپنی تحویل میں لیا ہے،ا ور اُن سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔
قتل کی واردات کے فوری بعد پولس نے متعلقہ ہوٹل کو اپنی تحویل میں لے رکھا ہے ، جبکہ شہر میں پولس کی زائد فورس لگائی گئی ہے۔
واقعے کے بعد رات قریب تین بجے ہی ضلع کے ایس پی شیوپرکاش بھٹکل پہنچ گئے جن کی نگرانی میں چھان بین جاری ہے۔ اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کسی کی بھی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی البتہ کہا کہ چار یا پانچ لوگوں کو تحویل میں لیا گیا ہے اور چھان بین جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھان بین ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں چھان بین مکمل ہونے کے بعد ہی وہ معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔
اُدھر مہلوک نوجوان محمد عفان کا منی پال کے کستوربا اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا اور دوپہر قریب ایک بجے میت بھٹکل موگلی ہونڈا میں اُن کی رہائش گاہ پہنچی۔ بتایا گیا ہے کہ بعد نماز مغرب جامع مسجد میں مرحوم عفان جبالی کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
رات کو محمد عفان کے قتل کی اطلاع ملتے ہی اتوار صبح قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داران نے بھٹکل ٹاون پولس تھانہ پہنچ کر ضلعی ایس پی شیوپرکاش سے ملاقات کی اور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قتل میں ملوث تمام لوگوں کو فوری گرفتار کرنے اور اُنہیں سخت سے سخت سزا دینے کی مانگ کی۔ بعد میں تنظیم کا یہ وفد موگلی ہونڈا میں مہلوک محمد عفان کے گھر پہنچ کر اُس کے والد سمیت بھائیوں اور دیگر رشتہ داروں سے بھی ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعے پر سخت افسوس کا اظہار کیا۔
قتل کی اصل وجہ کیا ہے اور قتل کے پیچھے مزید کون کون لوگ شامل ہیں، کافی باتوں پر سے پردہ رات تک کھلنے کی توقع ہے۔