منگلورو 19 / اکتوبر (ایس او نیوز) مینگلور میں اب فٹ پاتھ پر پیدل چلنا بھی مشکل ہوگیا ہے ، کب کوئی کار سڑک پر سے گذرنے کے دوران اچانک فٹ پاتھ پر آجائے اور پیدل چلنے والوں کو روند کر آگے نکل جائے، پتہ ہی نہیں چلے گا۔ اس طرح کی ایک خوفناک واردات کارپوریشن سوئمنگ پول لیڈی ہل کے پاس منگل کو پیش آئی جب سڑک پر سے دوڑنے والی کار اچانک فٹ پاتھ پر چڑھ گئی اور فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والی پانچ لڑکیوں کو روندتے ہوئے اُسی تیزی کے ساتھ فٹ پاتھ سے سڑک ہوتے ہوئے فراٹے بھر کر فرار ہوگئی۔ واردات میں ایک نوجوان لڑکی فوت ہوگئی جبکہ ایک بارہ سالہ بچی سمیت دیگر تین خواتین زخمی ہوگئیں ۔
حادثے میں جان گنوانے والی لڑکی کا نام روپاشری (23 سال) بتایا گیا ہے جو کہ سورتکل کی رہنے والی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ فٹ پاتھ پر تیز رفتاری سے دوڑتی ہوئی کار نے وہاں چل رہے لوگوں کو ٹکر ماری اور روپاشری کو کچھ دوری تک گھسیٹتے ہوئے لے گئی ۔ شدید زخمی حالت میں تمام زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا تھا مگر روپاشری نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا ۔ چاروں زخمیوں کو ابتدائی علاج کے بعد اسپتال سے رخصت دی گئی ہے ۔
حادثے کا پورا منظر قریب میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا، جوبعد میں شوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہوگیا۔
معلوم ہوا ہے کہ کار ڈرائیور کملیش بلدیو (57 سال) حادثے کے بعد کار سمیت موقع پر سے فرار ہوگیا ۔ اوراپنی کار ہونڈا شو روم کے قریب پارک کرکے اپنے گھر چلا گیا ۔ پھر اپنے والد کے ساتھ واپس لوٹ کر منگلورو ویسٹ پولیس اسٹیشن میں خود کو پولیس کے حوالے کیا ۔
حادثے کا سبب بننے والی کار اور ڈرائیور بلدیو کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔ اور کدری ٹریفک پولیس نے کیس درج کرلیا ہے ۔