بھٹکل نیشنل ہائی وے پر بائک کو ٹکر مارکر لاری فرار؛نوجوان لڑکی کی موقع پر موت
بھٹکل26 نومبر (ایس او نیوز)تعلقہ کے شرالی نیشنل ہائی وے 66 پر بائک کوکنارے سے ٹکر مارکر لاری فرار ہوگئی، جس کے نتیجے میں بائک پر سوار ایک نوجوان لڑکی کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ جبکہ بائک پر سوار دو دیگر لوگ زخمی ہوگئے۔ حادثہ اتوار صبح قریب ساڑھے آٹھ بجے پیش آیا۔
مہلوک کی شناخت پڑٖوسی ضلع شموگہ کے ساگر کے قریب کارگل کی رہنے والی نیکیتا مہابلیشور گونڈا (23) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ وہ اپنی ڈگری مکمل کرنے کے بعد ایک ہفتہ قبل ہی بھٹکل کے گُلمی میں رہنے والی اپنی خالہ کے گھر آئی تھی اور بھٹکل میں ملازمت کی تلاش میں تھی۔
نیکیتا اپنی خالہ گریجا گونڈا (45) اور خالہ زاد بھائی گنیش گونڈا (35) کے ساتھ بھٹکل سے شرالی جانے کے لئے نکلے تھی۔
پتہ چلا ہے کہ شرالی نیشنل ہائی وے پر ایک تیز رفتار لاری ان کی بائک کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں کنارے سے بائک سے ٹکراگئی۔ جس کے نتیجے میں درمیانی سیٹ پر سوار نیکیتا کا سر لاری کے ایک پہیئے کے نیچے چلاگیا، جبکہ دیگر دو روڈ کے دوسرے کنارے جا گرنے سے دونوں محفوظ رہ گئے۔
بائک کو ٹکر مارکر لاری موقع پر سے فرار ہوگئی ہے۔ پولس اُس کی تلاش کررہی ہے۔
حادثے کے فوری بعد کچھ دیر کے لئے نیشنل ہائی وے پر ٹریفک نظام متاثر رہا، مگرمضافاتی پولس تھانہ کے پی ایس آئی میور پٹن شٹی اپنی ٹیم کے ساتھ فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ مقامی لوگوں نے زخمیوں کو بھٹکل سرکاری اسپتال پہنچایا، جہاں سے گریجا گونڈا کو زائد علاج کے لئے مینگلور شفٹ کیا گیا ہے۔بائک کی ڈرائیونگ کرنے والے گنیش گونڈا نے چونکہ ہیلمٹ پہن رکھا تھا، سر محفوظ رہ گیا، البتہ ہاتھوں کوہلکی چوٹیں آئی ہیں۔ بعد میں پولس کی موجودگی میں نعش کو بھٹکل سرکاری اسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کیا گیا۔
جائے وقوع پر موجود عوام نے بتایا کہ شرالی چیک پوسٹ پر کوئی پولس اہلکار نہیں تھا جس کی وجہ سے لاری موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی۔ عوام نے بتایا کہ پولس کی طرف سے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی کام نہیں کررہے ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ سڑک کنارے عمارتوں پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے فرار لاری کو پہچاننے اور اسے پکڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے ۔