میدانِ عرفات میں دُنیا کا سب سے بڑا اجتماع، لاکھوں عازمین لبیک کی صداؤں کے ساتھ وقوف ِ عرفہ کیلئےپہنچیں گے، مسجد نمرہ سے خطبہ ٔ حج کی تیاریاں مکمل

Source: S.O. News Service | Published on 15th June 2024, 12:23 PM | خلیجی خبریں |

منیٰ ، 15/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) دنیا بھر سے مکہ مکرمہ پہنچنے والے لاکھوں عازمین ِ حج جمعہ ۸؍ ذی الحجہ کو  ’یوم  ترویہ ‘ گزارنے کیلئےلبَيك اللّھُمَ لَبّيك کی صدائیں  بلند کرتے ہوئے منیٰ پہنچ  گئے جہاں  خیموں کا  شہرآباد  ہوگیا ہے۔  پوری دنیا سے  ۱۵؍ لاکھ سے زیادہ عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق  چونکہ سعودی عرب کے مقامی حاجیوں کی تعداد  اِس سے مستثنیٰ ہے اور وہ مسلسل پہنچ رہے ہیں، اس لئے  سعودی حکام  نے   امید ظاہر کی ہے کہ  امسال حاجیوں کی تعداد ۲۰؍   لاکھ سے تجاوز کرسکتی ہے۔ امسال عازمین میں    غزہ میں  اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں کے ایک ہزار سے زائد اہل خانہ بھی شامل  ہیں جو خادم حرمین شریفین کی خصوصی دعوت پر  حج بیت اللہ کی ادائیگی کیلئے پہنچے ہیں۔  

  حجاج کا ترویہ کے دن احرام کی حالت میں منیٰ پہنچنا اور عرفات میں قیام  سے قبل  وہاں رات گزارنا سنت ہے۔ یہی وجہ  ہے کہ عمرہ مکمل کرنے کے  بعد  عازمین مکہ  میں ہوں یا  بیرون ِ  مکہ اپنی جگہوں پر احرام باندھ کرمنیٰ کیلئے نکل جاتے ہیں  اور ۹؍ذی الحجہ کو طلوع آفتاب تک وہاں قیام کرنے کے بعد  حج کے رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ کیلئے میدان  عرفات کی جانب روانہ ہوجاتے ہیں۔ رات خیموں میں گزارنے کے بعد آج  (سنیچر کو) طلوع  آفتاب کے بعد  وہ میدان عرفات کیلئے روانہ ہوجائیں گے  جہاں دوپہر کو دنیا کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔  یہاں مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیا جائےگا۔ حج کا خطبہ امام حرم شیخ ماهر بن ا حمد  المعيقلي   دیں گے جس کا ترجمہ امسال  ۵۰؍ زبانوں  میں نشر کیا جائےگا۔ خطبہ  سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر ادا کی جائے گی۔  مغرب سے قبل حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے اور وہاں مغرب اور عشا کی نماز اکٹھی پڑھیں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام رمی جمرات یعنی شطان کو کنکریاں مارنے کیلئےکنکریاں جمع کریں گے۔

  امسال حج  غزہ میں جاری جنگ کے سائے میں ادا کیا جارہاہے۔ ۸؍ ماہ سے زائد عرصہ سے جاری اس جنگ نے پوری دنیا کے مسلمانوں کو فکرمند اور غمزدہ کردیا ہے۔ رفح کراسنگ کے علاوہ  غزہ کی تمام گزرگاہیں بند ہونے کی وجہ سے  غزہ کے شہریوں کیلئے حج کیلئے پہنچنا بھی ناممکن ہے۔ ہندوستانی عازم حج محمد رفیق نے منیٰ  میں  اپنے خیمے کی طرف جاتے ہوئے عرب نیوز سے گفتگو کے دوران غزہ کے مظلوموں کو یاد کیا اور کہا کہ ’’ہم تمام مسلمانوں کیلئے دعا گو ہیں، اپنے ملک  اور اپنے لوگوں کے علاوہ ہم پوری دنیا کے مسلمانوں  اور خاص طورسے غزہ کے مسلمانوں  کیلئے دعا کررہے ہیں۔ امسال فلسطین کے مغربی کنارہ سے  ۴؍ ہزار ۲۰۰؍ عازمین حج کیلئے پہنچے ہیں جبکہ غزہ سے خادم حرمین شریفین کی خصوصی دعوت پر ایک ہزار افراد حج بیت اللہ کیلئے پہنچے ہیں۔ 

  امسال سعودی حکام نے بغیر پرمٹ کے حج کیلئے پہنچنے والوں کو روکنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ اس سلسلے میں متعدد افراد کو حراست میں  لیا جاچکاہے۔     

ایک نظر اس پر بھی

ایک ہی دن دبئی میں بھٹکل کے دو لوگوں کا انتقال؛ نماز کی ادائیگی کے دوران آیااللہ کا بُلاوا

   دبئی میں  مقیم  بھٹکل کے دو لوگ ایک کے بعد ایک   انتقال کرگئے۔ انا للہ و اناالیہ  راجعون۔ سنیچر کو پہلے   جناب محمد حُسین خطیب (75)  کے انتقال کی خبر موصول ہوئی تھی،  اسی رات دامودی محمد قطب  (36)بھی انتقال کرگئے، جس کی اطلاع اتوار صبح   کو ملی۔

دمام میں  بھٹکل مسلم جماعت کی جانب سے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر خوبصورت تقریب

15 اگست 2024  بھٹکل مسلم جماعت منطقہ شرقیہ کی جانب سے 78یوم آزادی  کی مناسبت سے پروگرام منعقد ہوا جس میں ننھے منے بچوں کے سامنے ازادی کا ترانہ سنایا گیا اور بچوں نےازادی خوشی میں جھوما  اور چند بچوں نے ازادی نسبت سے چھوٹی چھوٹی تقریر بھی کئے

عمر فاروق مصباح اور عتیق الرحمن منیری بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے پھر ایک بار صدر اور سکریٹری جنرل منتخب

  عمر فاروق مصباح اور عتیق الرحمن منیری پھر ایک بار بالترتیب بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر اور سکریٹری جنرل کے عہدہ پر منتخب ہوگئے ان کے ساتھ  سکریٹری کے  طور پر  یاسر قاسمجی کا انتخاب عمل میں آیا، جبکہ  طٰحہ معلم اور مولوی صابر علی اکبرا بالترتیب اکاونٹنٹ اور خزانچی منتخب ...

عمان کے قریب سمندر میں بحری جہاز ڈوب گیا، جہاز میں سوار 13 ہندوستانیوں کا تاحال کوئی سراغ نہیں

عمان سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق یمن کی طرف جانے والا آئل ٹینکر جہاز سمندر میں ڈوب گیا ہے۔ عمان کے میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر کے مطابق اس آئل ٹینکر کا نام پریسٹیج فالکن بتایا جاتا ہے جس پر سوار عملے کے 16 ارکان کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ اس تیل کے جہاز پر سوار عملے ...

حج کے دوران شدید گرمی کے باعث مکہ و حرم میں 550 سے زائد عازمین جاں بحق۔ عازمین لگارہے ہیں حج کمیٹی پر بدانتظامی کا الزام

عرب سفیروں کے حوالے سے میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق امسال موسم حج کے دوران انتہا درجے کی گرمی کی وجہ سے 550 سے زائد زائرین حرم جاں بحق ہوگئے ۔      سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے دن حرم مکہ میں پارہ 51.8 ڈگری سیلسیس  (125 ڈگری فارن ہائٹ) تک پہنچ گیا تھا ۔