بھٹکل ساگر روڈ پر 15 دنوں سے ضائع ہورہا ہے پینے کا پانی؛ میونسپل حکام پر لگایا جارہا ہے غیر ذمہ داری کا الزام
بھٹکل7/ اپریل (ایس او نیوز) تعلقہ کے ساگر روڈ پرپانی کا پائپ کٹنے کی وجہ سے روزانہ ہزاروں کیوسک پانی سڑک پر بہہ کر ایک نالے میں جاکر ضائع ہورہا ہے مگر حکام پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے کسی طرح کا کوئی اقدام نہیں کررہے ہیں۔ مقامی لوگوں کی مانیں تو گذشتہ پندرہ دنوں سے پانی ضائع ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور حکام انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ پانی ضائع ہونے کی اطلاع میونسپل حکام کو کئی بار دی جاچکی ہے، مگر حکام نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔
بتاتے چلیں کہ بھٹکل سمیت ساحلی علاقوں میں شدت کی گرمی کی وجہ سے پانی کی قلت پائی جارہی ہے، کنویں سوکھ رہے ہیں، ڈیم میں پانی کی سطح گھٹتی جارہی ہے، ایسے میں پانی کی جتنی قدر کی جائے اُتنی کم ہے، مگر پانی کا پائپ کٹ کرپندرہ دن گذرنے کے باوجود بھٹکل میونسپالٹی کی طرف سے سخت غفلت اور لاپرواہی کو دیکھتے ہوئے عوام میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ عوام حکام سے مطالبہ کررہے ہیں کہ پانی کو مزید ضائع ہونے سے روکا جائے۔