بھٹکل واطراف میں جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی یوم آزادی کی تقریب؛ سماجی اداروں، اسکولوں اور سرکاری دفاتر میں لہرایا گیا ترنگا جھنڈا
بھٹکل 16/اگست (ایس او نیوز) 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر کاروار میں اُترکنڑا ڈسٹرکٹ انچارج وزیر منکال وئیدیا نے پرچم کشائی کی، وہیں بھٹکل میں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا نے پرچم لہراتے ہوئے سلامی لی۔ ہر سال کی ہر طرح امسال بھی یوم آزادی کے موقع پر تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے بھٹکل تعلقہ اسٹڈیم میں یوم آزادی کی مناسبت سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں مختلف اسکولی بچوں نے مارچ پاسٹ کے ذریعے اپنا پرفارمینس پیش کیا۔
سرکاری سطح پر یوم آزادی کی تقریبات کے ساتھ ساتھ ضلع کے اسکولوں، سماجی اور تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں بھی یوم آزادی کے موقع پر ترنگا جھنڈا پوری شان کے ساتھ لہرایا گیا اور دھوم دھام سے آزدی کا جشن منایا گیا۔
بھٹکل کا سوسالہ قدیم سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم میں تنظیم صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے ترنگا جھنڈا لہراتے ہوئے ملک کو آزادی دلانے والوں کو خراج تحسین پیش کیا، اسی طرح قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے مختلف اسکولوں اور کالجوں میں بھی یوم آزادی کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
اسلامیہ اینگلو اُردوہائی اسکول بھٹکل میں انجمن کے نائب صدر محمد صادق پلّور نے پرچم کشائی کی۔ انجمن کے ارکان انتظامیہ مزمل رکن الدین نے انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ بھٹکل، احید محتشم نے انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سینٹر، ڈاکٹر ظہیر کولا نے انجمن پرے یونیورسٹی کالج فور بوائز، منتظر رکن الدین نے انجمن کالج آف ایجوکیشن اینڈ بی بی اے اینڈ بی سی اے میں ترنگاجھنڈا لہرایا۔ بھٹکل مسلم اسوسی ایشن جدہ کے سرگرم رکن قمر سعدا نے انجمن بوائز ہائی اسکول، انجمن پرے یونیورسٹی کالج فور ویمن میں اسی کالج کی پرنسپل ڈاکٹر فرزانہ محتشم اور انجمن کالج فور ویمن بھٹکل میں اسی کالج کی پرنسپل رئیسہ شیخ نے پرچم کشائی کی۔
جنوبی ہند کا معروف درسگاہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں مولوی عبدالعلیم قاسمی نے جھنڈہ لہرایا۔ منکی کے مدرسہ رحمانیہ اینڈ المومنات اسکول میں ظفر کٹنگری نے پرچم کشائی کی، الہلال اسکول اینڈ پی یوسی کالج منکی میں جناب اقبال صاحب نے پرچم کشائی کی، بھٹکل گروسدھیندرا کالج میں چیرمین ڈاکٹر ایس وی نایک نے جھنڈا لہرایا۔ نیو شمس اسکول بھٹکل میں جماعت المسلمین بھٹکل کے نائب قاضی مولانا عبدالنور فکردے ندوی نے پرچم کشائی کی اور عبدالحمید دامودی نے علی پبلک اسکول میں ترنگا لہرایا۔
شیرور توحید پبلک اسکول میں بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر عتیق الرحمن منیری نے پرچم کشائی کی۔ ولکی اتحاد پبلک اسکول میں کمٹہ جماعت کے جنرل سکریٹری محسن قاضی نے ترنگا جھنڈا لہرایا۔
مرڈیشور میں مسلم ایجوکیشن سوسائٹی کے ماتحت چلنے والے تعلیمی اداروں نیشنل اسکول، نیشنل کالج اور نیشنل گرلز کالج میں اسی ادارہ کے صدر ڈاکٹر عثمان نے قومی پرچم لہرایا، اسی کے ساتھ انہوں نے ہی سیلور سینڈ اسکول میں بھی پرچم کشائی کی۔ مرڈیشور اُردو ماڈل اسکول میں جماعت المسلمین کے جنرل سکریٹری شیخ الیاس اسی طرح مدرسہ تنویرالاسلام مرڈیشور میں ادارہ کے رکن انتظامیہ عبدالفتاح مانی اور اقراء انگلش میڈیم اسکول مرڈیشور میں ہیڈماسٹر نعیم شیخ نے ترنگا جھنڈا لہراتے ہوئے یوم آزادی کا جشن منایا۔ اس کے علاوہ بھی کئی اسکولوں اور اداروں میں یوم آزادی کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا، جس کی تفصیلات موصول نہیں ہوسکی۔
بھٹکل ٹاون پولس اسٹیشن میں ڈی وائی ایس پی شریکانت، بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال میں میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سویتا کامتھ نے ترنگا لہرایا۔ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا نے بھٹکل ٹاون میونسپل کونسل کے ساتھ ساتھ بھٹکل منی ودھان سودھا میں بھی ترنگا لہرایا۔
تمام اداروں، اسکولوں اور سرکاری دفاتر میں پرچم کشائی کے بعد یوم آزادی کی مناسبت سے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا اور ملک کو آزادی دلانے میں اہم رول ادا کرنے والے مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔