اُترکنڑا ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے کہا : الیکشن قریب ہے ، بی جے پی والے کسی کا قتل نہ کردیں ، اسی کا خوف ستارہا ہے!
کاروار 4 / نومبر (ایس او نیوز) اُترکنڑا ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے کاروار میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب لوک سبھا انتخابات قریب ہیں، ہمارے لئے یہی کافی ہوگا کہ انتخابات کو دیکھتے ہوئے بی جے پی والے کسی کا قتل نہ کردیں۔ منکال نے کہا کہ اس سے پہلے عین انتخابات کے موقع پر ہی ضلع میں قتل کی وارداتیں اور فسادات ہوچکے ہیں، مجھے اسی بات کا ہی خوف ہے کہ ابھی انتخابات قریب ہیں تو مزید کسی کا قتل نہ ہوجائے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ضلع اور ریاست بھر میں حالات پُرامن رہیں۔
منکال نے ایک سوال کے جواب میں پوچھا کہ بی جے پی نے اپنے دور اقتدار میں کونسا اہم کام انجام دیا ہے تھوڑا بتائیں ۔ انہوں نے زور دے کر پوچھا کہ کوئی بھی ایک کام ہو تو بتائیں جس سے عوام کو بھلا ہوا ہو۔ آگے کہا کہ بی جے پی والوں کے پاس جھوٹ بولنے کے علاوہ کوئی دوسرا کام ہی نہیں ہے ۔ منکال وئیدیا نے بتایا کہ ریاست کے وزیراعلیٰ سے لے کر بی جے پی کے عام رکن تک سب کے سب جھوٹ بولنے میں ماہر ہیں، ان میں کوئی سچ بات کرنے والا ہو تو مجھے بتائیں۔ ان کے پاس اتنی بھی صلاحیت نہیں ہے کہ ایک اپوزیشن لیڈر کو چن سکے۔
وزیر موصوف نے پوچھا ایڈی ایورپّا سرسی آئے تھے ۔ وہاں انہوں نے ایک سو کروڑ روپوں کا پیکیج دینے کا اعلان کیا تھا ۔ کیا وہ فنڈ حاصل ہوا؟ بس جھوٹے وعدے کرنا ہی بی جے پی کا کام ہے ۔
ایشورپا کے اس بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر کہ ریاست میں کانگریس کی مزید حکومت نہیں ہونی چاہیے، منکال وئیدیا نے کہا کہ ایشورپا کو جاکر بولئے کہ وہ پہلے ریاست میں اپنی پارٹی کا لیڈر منتخب کرے۔ ایشورپا کو ہماری پارٹی کے تعلق سے بولنے کا کوئی اخلاقی حق ہی نہیں ہے، وہ اس سے قبل پانچ سال تک اپنی ہی پارٹی کے خلاف بولتے رہے ہیں۔