اتر کنڑا ضلع کے دو افسران ہوئے مرکزی حکومت کے اعلیٰ عہدوں پر تعینات
بھٹکل، 24 / جون (ایس او نیوز) اتر کنڑا کے لئے ایک قابل رشک بات ہے کہ اس ضلع سے تعلق رکھنے والے دو افسران مرکزی حکومت کے دو اعلیٰ عہدوں پر تعینات ہوئے ہیں ۔
ان دو افسران میں سے ایک تو سداپور تعلقہ کے رہنے والے تیجسوی نائک جو مدھیہ پردیش کیڈر سے آئی اے ایس افسر ہیں ۔ انہیں اس مرتبہ اسمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز کے وزیر ایچ ڈی کمارا سوامی کے پرسنل سیکریٹری کے منصب فائز کیا گیا ہے ۔ تیجسوی نائک نے اس سے قبل مدھیہ پردیش کے روانی اور بیتول میں ضلع ڈپٹی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دی ہیں اور انتظامی معاملات میں بڑے سخت افسر کے طور پر نام کمایا ہے ۔
تیجسوی نائک نے نریندرا مودی کی قیادت والی گزشتہ کابینہ میں وزیر زراعت نریندرا سنگھ تومار اور ارجن مونڈا کے پرسنل سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں ۔ اب کی بار انہیں وزیر کمارا سوامی کا پرسنل سیکریٹری بنایا گیا ہے ۔
تیجسوی نائک کی بیوی سوامی مینا نائک بھی آئی اے ایس آفیسر ہے جنہیں مرکزی حکومت کے 'جل جیون مشن' کی جوائنٹ سیکریٹری کے طور پر تعینات کیا گیا ہے ۔
اتر کنڑا کے سداپور سے ہی تعلق رکھنے والے راجیش نائک آئی ایف ایس آفیسر ہیں جو اس وقت نائب صدر ہند جگدیپ دھنکر کے پرسنل سیکریٹری کے طور پر تعینات ہیں ۔ اس سے پہلے انہوں نے جاپان اور امریکہ میں ہندوستانی قونصل خانہ کے سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دینے کے علاوہ ریجنل پاسپورٹ پاسپورٹ آفیسر کے طور پر بھی ذمہ داری نبھائی ہے ۔ وزیر اعظم نریندرا مودی نے جب جاپان کا دورہ کیا تھا تو جاپانی زبان کے ترجمان کے طور پر راجیش نائک بھی اس دورے میں شامل رہ چکے ہیں ۔