ترکی کے صدر طیب اردوغان کی طرف سے خوش خبری..! ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سمیع اللّٰہ خان
دو دن پہلے ترکی صدر نے تُرکوں کو خوش خبری سنانے کا اعلان کیا تھا چنانچہ (جمعہ کو ترکی میں) نئے سال کی شروعات میں یکم محرم الحرام کو رجب طیب اردوغان نے ترک قوم کو خوشخبری دیتے ہوئے بتلایا کہ: بحرہ اسود میں ترکی کو 320 ارب کیوبک میٹر گیس کے وسیع ذخائر ملے ہیں، فصیح سونداج ڈرلنگ شپ کے ذریعے ترکی نے بحرہ اسود میں گیس کے بڑے ذخائر حاصل کئے ہیں, بحرہ اسود سے ملنے والے گیس ذخائر 2023 تک عوام تک پہنچ جائیں گے ترکی کی تاریخ میں گیس کی یہ سب سے بڑی دریافت ہے، یہاں سے 320 ارب کیوبک میٹر گیس کے ذخائر ملے ہیں، ڈرلنگ سے جو نتائج سامنے آئے ہیں توقع ہے کہ یہاں سے مزید قدرتی وسائل حاصل ہوں گے۔
جامع کاریا کی بازیابی: اسی کے ساتھ دوہرا درد دیتے ہوئے آیا صوفیا کی طرح اب اردوغان نے آج استنبول کی ایک اور تاریخی مسجد جامع کاریا جسے لبرل اتاترک کے عہد میں میوزیم بنا دیا گیا تھا اسے دوباره مسجد کے طور پر شروع کرنے کا اعلان کرکے بازنطینی صلیبی دنیا کو ایک اور درد دیا ہے!
تیل اور گیس کی تلاش میں جانے والے "فصیح" بیڑے کو اردوغان نے خود الوداع کہا تھا، جس نے بالآخر کامیابی حاصل کی ہے، مزید گیس اور تیل کی تلاش جاری ہے، گیس کے یہ ذخائر ترکی کو خود کفیل اور مزید مستحکم بنائیں گے، ترک قوم کو مضبوط اور سپر پاور بننے کے لیے زیادہ سے زیادہ قدرتی ذخائر حاصل کرنے کی ضرورت ہے جس میں ترکی کامیابی سے ہمکنار ہونے لگا ہے، ترکوں کی یہ ترقی یقینی طور پر یوروپ ، مغرب اور صہیونی دنیا کے لیے نیند خرابی اور مزید عناد کا سبب بننے والی ہے۔
اور مومنین! تو بہرحال فطری طور پر اس زوال کے دور میں ہر مومن کو ایک ابھرتی ہوئی مومن قوم کی معاشی ترقی سے خوشی ہوگی ہی اور وہ خیر و برکت کی دعائیں کریں گے، اس کے علاوہ تیسری قسم سے تو آپ واقف ہی ہوں گے جو ہماری صفوں میں ہمیشہ رہے ہیں!
یہ بھی خبر آرہی ہے کہ جیسے ہی اردوغان نے یہ اعلان کیا ترکی کرنسی لیرا کی قدر میں بھی اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے، یہ ماشاء الله بڑی کامیابی ہے، اللّٰہ ترکوں کی مدد فرمائے، انہیں مزید مضبوطی اور ایمانی قوت عطاء فرمائے، جہاں پر خلافت کو استعماری طاقتوں نے ختم کرنے کی کوشش کی، لیکن عثمانیوں کے جانشین زندہ بھی ہیں اور پابندِ عہد بھی نظر آتےہیں، بتدریج کامیابی حاصل کرتے وہ بحالئ عروج کی سمت مستقل مزاجی سے سفر کر رہے ہیں، امید ہے کہ وہ اپنے پُرکھوں کی میراث کو مکمل طور پر حاصل کرلیں گے کہ یہ میراث عالم اسلام کے لیے قوت اور سطوت کا استعارہ ہے، اس خوش خبری کے ساتھ ساتھ اردوغان نے عزم کرتے ہوئے کہا ہیکہ: ترکی جب تک گیس کا ایکسپورٹر نہیں بن جاتا اس وقت تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، اللھم آمین۔
سمیع اللّٰہ خان