بھٹکل میں معمولی بات کو لے کر ایک شخص نے کی خودکشی
بھٹکل 19/اکتوبر (ایس او نیوز) معمولی کہا سنی پر ایک شخص نے گلے میں پھندہ ڈال کر خودکشی کرلی، واردات تعلقہ کے ہاڈولّی گرام پنچایت حدود کے ہاسرولّی میں جمعرات صبح منظر عام پر آئی۔
مہلوک کی شناخت بینک کے ریٹائرڈ اہلکار اور منکولی کے رہائشی ماروتی ناگپّا نائک (63) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ بدھ شام قریب پانچ بجے ماروتی نائک کی بائک سامنے سے گذررہے ایک آٹو رکشہ سے ٹکراگئی تھی، جس پر پولس نے بائک کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے تھانہ لے گئی تھی، اسی بات پر ناراض ماروتی نائک ٹاون پی ایس آئی سے اُلجھ پڑے تھے ۔ کہاسنی کے بعد پولس نے بائک دینے سے انکار کیا تھا، اس بات کو ماروتی نائک نے اتنی سنجیدگی سے لیا کہ اسے اپنی بے عزتی سمجھتے ہوئے ہاسرولّی میں واقع اپنے پرانے مکان پہنچ کر ایک کمرے میں پھانسی سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ پتہ چلا ہے کہ خودکشی کرنے سے پہلے ماروتی نائک نے کسی سے فون پر پولس کے ساتھ ہوئے جھگڑے کے تعلق سے اور اپنی بے عزتی کی بات شئیر کی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ خودکشی کے بعد فون پر ہوئی بات چیت کی ریکارڈنگ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
مہلوک کو بیوی ، ایک لڑکا اور ایک لڑکی ہے ، یہ لوگ منکولی میں رہتے ہیں، لیکن ماروتی نائک نے پرانے گھر یعنی ہاسرولّی جاکر خودکشی کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بدھ شام کو ہی انہوں نے خودکشی کی ہوگی، مگر آج جمعرات صبح معاملہ سامنے آیا۔
اس تعلق سے بھٹکل ٹاون پولس اسٹیشن کے پی ایس آئی کے خلاف بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں شکایت درج کی گئی ہے۔
Tragic suicide in Bhatkal as man takes extreme step after altercation with Police