سعودی عربیہ میں اندوہناک سڑک حادثہ؛ کرناٹک کے تین لوگ جاں بحق، بھٹکل کے قریب منڈگوڈ سے تھا تعلق
بھٹکل 7 اپریل (ایس او نیوز)ریاست کرناٹک کے ضلع اُترکنڑا کے منڈگوڈ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے تین افراد سعودی عربیہ میں عمرہ کی ادائیگی کے دوران اُس وقت جاں بحق ہوگئے جب سڑک پر تیز رفتاری کے ساتھ دوڑتی ہوئی ایک لینڈ کروزرجس پر یہ لوگ سوار تھے ، کا ایک پہیہ اچانک پنکچر ہوگیا اور گاڑی بے قابو ہوکر اُلٹ گئی۔ اندوہناک حادثہ 6/ اپریل کی رات کو پیش آیا جب یہ لوگ لینڈکروزر پر سوارمدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ جارہے تھے۔ پتہ چلا ہے کہ حادثہ مدینہ سے قریب 60 کلو میٹر دور پیش آیا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق مرنے والوں کی شناخت منڈگوڈ میں واقع رونز میڈیکل کے مالک فیاض رون (45)، ان کی اہلیہ آفرینہ بانو(42) اور بھائی کا بیٹا ایان (16) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق فیاض کے بڑے بھائی کئی سالوں سے سعودی عربیہ میں ہی مقیم ہیں، فیاض رون اپنی فیملی کے ساتھ 26 مارچ کو عمرہ کی ادائیگی کے لئے منڈگوڈ سے سعودی عربیہ روانہ ہوئے تھے۔
حادثے میں تین لوگوں کی موت کے ساتھ دو بچوں سمیت تین لوگ شدید زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ منڈگوڈ سے بھٹکل کا فاصلہ قریب 120 کلو میٹر ہے۔