کولار 5مارچ (ایس او نیوز/شبیر احمد) ضلع کولار کےسرینواس پور میں پیش آئے ایک دردناک سڑک حادثہ میں تین لوگ ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ۔ زخمی نوجوان کو فوری طور پر علاج کے لئے بینگلور لے جایا گیا ہے۔
ذرائع سےملی اطلاع کے مطابق ایک ہی بائیک پر چار نوجوان سوار تھے جو جمعرات کی صبح قریب پانچ بجے سرینواسپور سے پلسر بائیک پر سوار کولار جارہے تھے اس دوران ایک نامعلوم سواری نے ان کی بائک کو ٹکر مار دیا اور موقع پر سے فرار ہو گئی۔
کافی دیر بعد لوگوں نے دیکھا کہ سڑک کے درمیان بائک گری ہے اور تین لوگوں کی نعشیں بکھری پڑی ہیں، قریب میں ایک نوجوان شدید زخمی حالت میں تھا جسے فوری قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد بینگلور منتقل کیا گیا۔
ہلاک شدگان کی شناخت سرینواس پورتعلقہ کے گاندھی نگر کے رہائشی یشونت(20)، ڈوڈا وینکٹیشپّا (50) اور یلّپا (18) کی حیثیت سے کی گئی ہے، جبکہ شدید زخمی نوجوان کی شناخت موہن کمار (23) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ابھی تک اس بات کا پتہ نہیں چل پایا ہے کہ بائک کو ٹکر دے کر فرار ہونے والی سواری کونسی تھی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی کولار کے ایس پی کارتیک ریڈی، ایڈیشنل ایس پیجانوی ، ڈی وائی ایس پی نارائن سوامی سمیت پولیس کے اعلیٰ حکام موقع واردات پر پہنچ گئے اور جائزہ لیتے ہوئے تمام نعشوں کو سرکاری اسپتال پہنچایا۔
اس تعلق سےسرینواس پور پولیس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور نامعلوم سواری کی تلاش جاری ہے۔