بھٹکل 7/نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تین مسلم شادی شدہ خواتین کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے کی شکاتیں پولس تھانہ میں درج ہونے کے بعد عوام میں شدید تشویش پھیل گئی ہے، اور سوالات اٹھ رہے ہیں کہ کہیں ان واقعات کے پیچھے کسی منظم گینگ کا ہاتھ تو نہیں ہے۔
جمعرات کو عمر اسٹریٹ تھرڈ کراس کی ایک 32 سالہ شادی شدہ خاتون، جو اسکول ٹیچر ہیں، لاپتہ ہو گئیں۔ پولس کے مطابق، خاتون دو روز قبل گھر سے اسکول جانے کے لیے نکلی تھیں اور بتایا تھا کہ وہ بچوں کے ساتھ پکنک پر جا رہی ہیں، مگر واپس نہ آئیں۔ بعد میں معلوم ہوا کہ انہوں نے اپنے شوہر کو فون کرکے اطلاع دی کہ انہیں گلف کے ایک شہر میں ملازمت مل گئی ہے اور وہ وہاں جانے کے لیے روانہ ہو رہی ہیں۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ وہ واقعی گلف کے لیے روانہ ہو چکی ہیں یا نہیں۔ پولس ان کی موجودہ جگہ کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے اور یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ انہیں گلف میں ملازمت فراہم کرنے والے کون لوگ ہیں اور کیا وہ واقعی وہاں پہنچ چکی ہیں۔
اس سے پہلے بھٹکل مضافاتی پولس تھانے میں مزید دو شادی شدہ خواتین کے لاپتہ ہونے کی شکایتیں درج ہوچکی ہیں۔ دونوں خواتین دو دو بچوں کی ماں ہیں۔ حنیف آباد، طلحہ اسٹریٹ کی 31 سالہ ایک خاتون جو ٹیلرنگ کا کام کرتی ہیں، چند ماہ سے موسٰی نگر میں اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھیں۔ اطلاعات کے مطابق، وہ اپنے سسرال جانے کا کہہ کر گھر سے نکلیں لیکن واپس نہیں آئیں۔ اسی طرح، مینگو فارم کے علاقے میں رہائش پذیر ایک اور خاتون اپنے دو بچوں کے ساتھ گھر سے نکلیں اور ان کا بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
یکے بعد دیگرے تین خواتین کی گمشدگی کی شکایتوں کے بعد یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر مزید خواتین بھی لاپتہ ہو سکتی ہیں جن کے بارے میں پولس تھانے میں اطلاع نہ دی گئی ہو۔ الغرض خواتین کی اچانک گمشدگی نے ان کے اہل خانہ کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا بھی قائم ہو گئی ہے۔
گمشدگی کو لے کر بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں الگ الگ گمشدگی کے معاملات درج ہوئے ہیں ۔ عوام میں اس بات کو لے کر بھی چہ مگوئیاں ہورہی ہیں کہ یہ تینوں خواتین لاپتہ ہوئی ہیں یا پھر اپنی مرضی سے اپنا گھربار چھوڑ کر کسی کے ساتھ فرار ہوگئی ہیں۔ عوام میں یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ آیا یہ خواتین کسی منظم گینگ کی ورغلاہٹ کا شکار ہو کر گلف میں غیر قانونی کاموں میں ملوث ہو سکتی ہیں۔
عوام کو امید ہے کہ مقامی سماجی ادارے اور گلف کی مختلف جماعتیں اس معاملے میں کارروائی کریں گی اور ان گمشدگی کے معاملات کو جلد حل کرنے میں مدد فراہم کریں گی۔
بھٹکل پولس نے گمشدہ خواتین کے تعلق سے کسی بھی طرح کی کوئی جانکاری ہونے کی صورت میں پولس انسپکٹر سے موبائل نمبر 9480805252 پر رابطہ کرنے کی درخواست کی ہے۔